بانہال // بانہال کے پوگل علاقے میں بدھ کی رات آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان،گھر میں رکھے مال و اسباب سمیت جل کر راکھ ہوگیا ہے تاہم آتشزنی کی اس واردات میں مکین معجزاتی طور بحفاظت بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ آگ کی اس واردات کیلئے بجلی کے شارٹ سرکٹ کو وجہ بتا یا جارہا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ پوگل بس سٹینڈ کے نزدیک بدھ کی رات گیارہ بجے عبدالعزیز شیخ ساکنہ پوگل علاقے کے مکان کو اگ کی لپٹوں نے اچانک گھیر لیا اور مقامی لوگوں کی طرف سے بچاو کاروائیوں کے باوجود بھی آگ نے دو منزلہ مکان اور اس کی چھت کو خاکستر کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ دور دیہات اور سڑک کی خراب حالت کے پیش نظر فائر سروس کی گاڑی علاقے میں نہیں پہنچ پائی اور مقامی لوگوں کی مدد سے ہی آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا ۔ آگ کی اس واردات میں مکان کے اندر راشن ، کپڑے، بسترے ،گھاس، لکڑی اور ضروریات زندگی کا دیگر سامان جل کر راکھ ہوگیا ہے اور لاکھوں روپئے کے نقصان کا ابتدائی تخمینہ لگایا جارہا ہے – مکنیوں کا کہنا ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے رونما ہوئی یے اور کم سے کم وقت میں پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے گئی اور مکین مشکل سے اپنی جان بچا کر نکل بھاگنے میں کامیاب ہوئے ۔رامسو پولیس نے اس معاملے میں ضروری کاروائی شروع کی ہے ۔