پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کا دور دراز اور سرحدی گائوں کیرنی کے لوگ دورجدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔گاؤں کی آبادی صحت ،تعلیم ، مواصلات،پینے کے صاف پانی ،بجلی اور سڑک جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث قدیم طرز زندگی جینے پر مجبور ہیں۔ گائوں قصبہ کو دوسرے علاقوں سے ملانے والی واحد سڑک کا زیادہ حصہ خستہ حالی کا شکار ہے جس پہ پیدل چلنا بھی دشوار ہو جاتا ہے۔ گائوں میں معقول طبی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو پونچھ ضلع ہسپتال کا رخ کرناپڑتاہے۔ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے انھیں کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنہ کرنا پڑتا ہے جبکہ وٹینری ڈسپنسری نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کے مویشی علاج کئے بغیر مر جاتے ہیں۔حکومت کے جانب سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے دعوی ٰتو کئے جاتے ہیں لیکن اس گائوں میں زمینی سطح پر لوگ قدرتی چشموں سے دور دراز علاقوں سے پانی لاکر پینے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ بجلی کی ترسلی لائن کئی مقامات پر دیسی طور تیار کردہ کھمبوں پر آویزاں ہے جو کسی بھی وقت حادثہکا سبب بن سکتاہے۔سماجی کارکن رشید شاہپوری نے بتایا کہ سرحدوں پر گولہ باری کے دوران کئی بار گولے علاقہ میںرہائش پذیرلوگوں کے گھروں کے سامنے اور ان کی زمینوں میں بھی گرتے ہیں جن کی زد میں آکر کئی لوگ زخمی ہوجاتے ہیں اس کے باوجود علاقہ میں بینکر نہیں بنائے جا رہے ہیں ۔لوگوں نے انتظامیہ سے علاقے میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔