پونچھ کا تنگ بازار دکانداروں و راہگیروں کیلئے پریشانی کا باعث

 
پونچھ//پونچھ کے ہاتھی تھا ن بازار میں بھی ہمیشہ رش رہتا ہے جس کی وجہ سے یہاں سے گزرنے والے صارفین اور دیگر دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خصوصی طور پر اس کی وجہ سے دکانداروں کی تجارت متاثر ہو جاتی ہے۔ ستم در ستم روڈ پر تجاوزات نے لوگوں کی زندگی اور بھی مشکل بنادی ہے۔اگرچہ انتظامیہ کی جانب سے کئی اقدام اٹھائے بھی جا رہے ہیں تاہم لوگوں کی پریشانیاں جوں کی توں ہیں ۔ضلع انتظامیہ نے متعدد بار تجاوزات کے خاتمے کے احکامات جاری کئے تاہم مافیااس میں رکاوٹ بناہواہے ۔پونچھ قصبہ کے صدر بازر کے اس علاقہ کو جسے ہاتھی تھان بازار کے نام سے جانا جاتا ہے ، میں بھی تین پہیہ گاڑیوں والے اور موٹر سائیکل والے کہیں بھی اپنی گاڑیوں کو کھڑا کر کے ادھراُدھر نکل جاتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا وہاں سے پیدل گزرنا بھی محال ہو جاتا ہے ۔بازار کی سڑک پرپھل فروش ،جوس بیچنے والے،کراکری، کپڑے کی ریڑھیاں لگانے والے اور دیگر چھوٹے تاجروں کی طرف سے تجاوزات لگا کر سارا دن بلاک رکھا جاتا ہے ۔شہریوں اور تاجروں نے ڈی سی پونچھ سے مطالبہ کیا کہ ہاتھی تھان بازار سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے کوئی موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔