حسین محتشم
پونچھ//عید کے تین روز بعد ضلع پونچھ کے صدر مقام سمیت سرنکوٹ،مینڈھر، منڈی میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے سے موسم میں ایک بار پھر تبدیلی آگئی۔اس دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ شہر خاص پونچھ میں صبح سے ہی سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا ہےلیکن شام سہ پہر تیز بارشوں کے بعد ایسا لگا کہ سردیاں دوبارہ لوٹ آئیں۔اس دوران ایک بار پھر لوگوں کو گرم ملبوسات پہنے دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔اس دوران لورن ساوجیاں میں موسم سرد ہوگیا۔ سرنکوٹ اور مینڈھر سے بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ادھرمحکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق راجوری پونچھ ضلع کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں ہفتہ کی شام سے بارش شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت گر گیا ہے اور سردی بھی بڑھنے لگی ۔ راجوری پونچھ کے جڑواں اضلاع میں ہفتہ کی شام سے بارش شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔