حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرحدی گائوں گلپور کی وارڈ نمبر 7 میں مقام شہریوں کی جانب سے ایک زبردست احتجاج مظاہرہ کیا گیا جہاں پر سڑک کی مرمت نہ کئے جانے پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔مقامی شہریوں کے مطابق سڑک کی خستہ حالی کے سبب طلبہ ، معمر افراد اور خواتین کو پریشانی رہتی ہے۔ لوگوں نے پوچھا کیا لیڈران کسی حادثے کے بعد بیدار ہوں گے؟۔گلپور کی وارڈ نمبر سات میں احتجاج کر رہے لال حسین اور محمد صادق نامی بزرگوں کا کہنا تھا کہ سڑک میں اس قدر گڑھے ہیں کہ راہگیروں کا یہاں سے گزر نا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دنوں میں ان گڑھوں میں پانی بھرا رہتا ہے اور سوکھے میں دھول ان کے لئے پریشانی کا باعث بنی رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک سے اسکولی طلبہ، خواتین اور معمر افراد کا گزر ہوتا رہتا ہے جنہیں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا بارہا متعلقہ افسران کو توجہ دلائی گئی لیکن سڑک کی خستہ حالی پر کسی کی توجہ نہیں ہے۔ انہوں نے نو منتخب رکن اسمبلی اعجاز احمد جان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سڑک کی طرف خصوصی توجہ دے کر اس کی فوری مرمت کروائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سڑک گائوں اجوٹ، گلپور اور کھڑی کو جوڑنے والی ایک اہم سڑک ہے۔انہوں نے کہا ’’اس سڑک پر طلبہ یا خواتین کے ساتھ کبھی بھی کوئی حادثہ پیش آ سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے ایم ایل اے پونچھ سے اپیل کی کہ وہ ذرا اس سڑک کی طرف توجہ دیں کیونکہ شہریوں کو ہونے والی پریشانی دور کرنے کے لئے سڑک کی مرمت ضروری ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سیاسی اور سماجی تنظیمیں اس وقت بے حسی کی چادر اوڑھے سو رہی ہیں الیکشن قریب ا?تے ہی اٹھیں گی اور سرگرم ہو جائیں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد سڑک کی مرمتی اور تارکول بچھانے کے اقدام کئے جائیں ورنہ مجبوراً انہیں بڑے پیمانے پر احتجاج کیلئے سڑک پر اترنا پڑے گا۔