پونچھ میں گاڑیوں کا نیا کرایہ نامہ باعث نزاع | سومو یونین مینڈھر چراغ پا،نظر ثانی کا مطالبہ کیا

جاوید اقبال

مینڈھر//اے آر ٹی او پونچھ کی طرف سے گاڑیوں کے کرایہ کو لے کر جو نئی لسٹ نکالی گئی، اُس پر سومو یونین مینڈھر کے صدر کفیل خان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے آر ٹی او پونچھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں ا ٓرہا ہے کہ یہ کون سی لسٹ ہے۔ اُنکا کہنا تھا کہ تیل 90 روپے فی لیٹر ہے اور اے آر ٹی او 20کلو میٹر کیلئے 22روپے کرایہ ایک آدمی کا دے رہا ہے ،یہ تو سرا سر ڈرائیور طبقہ کے ساتھ نہ انصافی ہے ۔یونین صدر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اے آر ٹی او پونچھ نے لڑائی جھگڑا شروع کروا دیا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ بے روز گار ڈرائیور طبقہ کو احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا اور وہ گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔اُنہوںنے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے ایپل کی کہ فوری طور اس میں مداخلت کی جائے اُور کرایہ کی لسٹ کو ٹھیک کیا جائے ورنہ وہ احتجاج کریں گے۔