حسین محتشم
پونچھ//محکمہ بجلی میں کام کر رہے عارضی ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ سمیت انتظامیہ پر تنخواہیں واگزار نہ کرکے ان کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ سرحد ضلع پونچھ کے صدر مقام پر احتجاج کرتے ہوئے ملازموں نے گزشتہ تین ماہ سے رکی پڑی تنخواہوں کو فوری طور واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔آل جو کشمیر پی ڈی ڈی پی ڈی ایل ٹی ڈی ایل ادر ورکر یونین ڈسٹرکٹ پونچھ سے وابستہ درجنوں ملازمین نے محکمہ بجلی سمیت جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین کی تنخواہیں روک دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کو واگزار نہ کئے جانے کے سبب ملازمین سخت اذیتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنے بچوں کی اسکول فیس تک ادا کرنے سے بھی قاصر ہیں۔عارضی ملازمین نے حکام سے فوری طور تنخواہیں واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج میں شامل ملازموں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ’’نا معلوم وجوہات کی بنا کر محض ملازمین کو تنگ کرنے کی غرض سے تنخواہیں روک دی گئی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’محکمہ بجلی میں کام کر رہے عارضی و مستقل ملازمین تندہی اور جانفشانی سے کام کر رہے ہیں اور آئے روز کام کے دوران متعدد ملازمین زخمی یا فوت ہو رہے ہیں اور ملازمین کو مراعات فراہم کرنے کے بر عکس انہیں اصل تنخواہ سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ اب جموں و کشمیر میں صارفین فیس بھی وقت پر ادا کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود ملازمین کی تنخواہ روکنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے تین ماہ سے رکی پڑی تنخواہوں کو واگزار کرنے کا مطالبہ کیا۔