سرنکوٹ//سرنکوٹ پوٹھہ کے عوام نے ضلع میں میڈیکل کالج کے قیام کے مطالبے پر احتجاج کیا ۔ مقامی مردوزن سماجی کارکن شیخ محمد بشیر کی قیادت میں سڑک پر جمع ہوئے اور انہوںنے مانگ کی کہ پونچھ ضلع میں میڈیکل کالج قائم کیاجائے اور صحت کے نظام میں بہتری لائی جائے ۔ ان کاکہناتھاکہ یہ ضلع چاروں اطراف سے سرحد سے گراہواہے جہاں روز کوئی نہ کوئی حادثہ رونماہوتارہتاہے جس میں زخمی ہونے والوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں یا دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرناپڑتاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس دوران کئی بیمار یا زخمی راستے میں ہی دم توڑ دیتے ہیں اور ان کا علاج نہیں ہوپاتا۔ ان کاکہناتھاکہ اگر ضلع میں ہی بہتر طبی خدمات میسر ہوں تو یہ جانیں بچائی جاسکتی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ پونچھ میں میڈیکل کالج قائم کیاجائے ۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ روز ایک مسافر بس نے محمد اسلم نامی شخص کو ٹکر ماردی جس کو جموں منتقل کیاگیاتاہم وہ دم تو ڑ گیا اور ایک قیمتی جان نہیں بچائی جاسکی ۔ انہوںنے کہاکہ اگر ضلع میں کوئی بڑا طبی ادارہ ہوتا اسلم کی جان بچائی جاسکتی تھی ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ ضلع میں ہزاروں کنال سرکاری اراضی بھی موجود ہے جہاں ایسے ادارے قائم کئے جاسکتے ہیں ۔اس موقعہ پر ظہور حسین شاہ، عبدالعزیز ، محمد اکرم وغیرہ بھی موجو دتھے۔