پونچھ میں قوانین کی خلاف ورزیاں

پونچھ//پونچھ انتظامیہ کی جانب سے شہر کی مرکزی جگہ پریڈ گرائونڈ میں غیر پارکنگ زون کے بورڈ تو نصب کئے گئے ہیں مگر ان تختیوں پر لکھی گئی عبارت کا عام لوگوں پر کوئی بھی اثر نہیں دیکھا جا رہا ۔ضلع پولیس پونچھ کی جانب سے پونچھ کے پریڈ گرائونڈ میں غیر پارکنگ زون کے بورڈ نصب تو کئے گئے ہیں مگر لوگ ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس فرمان کی دھجیاں اڑائے جا رہے ہیں اور پولیس انتظامیہ اس سلسلہ میں محض تختی لگا کر اپنے فرائض مکمل سمجھ کر خاموش تماشائی نظر آ رہی ہے جس کی تعمیل کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔پریڈ گرائونڈ شہر پونچھ کا سب سے مصروف ترین علاقہ ہے جس میں دن بھر عام لوگوں کا آنا جانارہتاہے اور اسی بات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے اس علاقے کو غیر پارکنگ زون قرار دیاتھا مگر اس کے باوجود بھی لوگ اپنی گاڑیوں کو پارک کرتے ہیں اور وہاں پر ڈیوٹی پر معمور پولیس اہلکار انہیں اس سے روکنے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔مقامی لوگوںاور تاجروں کاکہناہے کہ یاتو پولیس کو ایسے بورڈ نصب ہی نہیں کرناچاہئے اور اگر کئے جائیں تو پھر ان کی تعمیل ہونی چاہئے لیکن یہاں یہ بورڈ ایک مذاق بن کر رہ گئے ہیں جن پر درج ہدایات پر کوئی عمل نہیںہورہا۔ انہوں نے کہاکہ یہاں قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں لیکن پوچھنے والاکوئی نہیں ۔