حسین محتشم
پونچھ//شہید ڈی وائی ایس پی منجیت سنگھ میموریل والی بال کلب نے پونچھ میں سالانہ سمر والی بال 21روزہ کوچنگ کیمپ منعقد کیا جس کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ نے منگلوار کوگورنمنٹ ڈگری کالج گراؤنڈ پونچھ میں کیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی ضلع ترقیاتی کمشنریاسین محمد چوہدری نے پائیل شرما کو انڈیا کیمپ میں منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پائیل شرماکے انتخاب کو جموں و کشمیر میں کھیلوں کے لیے ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پونچھ کے حقیقی باصلاحیت والی بال کھلاڑیوں، ثقلین طارق اور پائل شرما کواس دور دراز ضلع سے تیار قومی سطح پر کامیاب بنانے کے لیے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوچ محمد طارق خان کی برسوں کی محنت اور لگن کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ یہاں کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر اپنے کھیلوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے سامنے آ رہے ہیں۔ ڈی سی پونچھ نے شہید منجیت کلب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہاں سے مزید کھلاڑی ملکی سطح کے کھیلوں کے لیے تیار ہوں گے۔ ضلعی سربراہ نے والی بال کے کھیلاڑوں کے لیے انڈور کھیلنے کی سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کھلاڑی پائیل شرما کی کامیابی کے اعزاز کے طور پر 21 روزہ کوچنگ کیمپ میں شرکت کرنے والے تمام لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے مکمل اسپورٹس کٹ کا اعلان کیا۔