پونچھ// ضلع پولیس کی جانب سے حدِ متارکہ سے دس کلومیٹر کی دوری پر رہنے والے بیروزگاروں کو ایس پی اوز کے طورپرپولیس میں بھرتی کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں گورنمنٹ بوائز ہائر سکنڈی اسکول پونچھ میں سنیچر وار کو تحصیل حویلی کے بے روزگار نوجوانوںکا فیزیکل ٹیسٹ منعقدکیا گیا جن میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شامل ہوئے۔ اس سلسلہ کے دوسرے روز بھی تحصیل منڈی اور بالاکوٹ کے اُمیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ ہوئے جن میں منڈی اور بالاکوٹ کے سینکڑوں نوجوانوں نے حصہ لیا۔ اس دوران ان جوانوں میں جوش و خروش دیکھنے کو ملا اور سبھی نوجوان پرامید تھے جبکہ پولیس کی جانب سے نوجوانوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جارہی تھیں۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی پہ نظر میں شانگلہ نے کہا کہ نوجوان جو کہ حدمتارکہ کے 10 کلومیٹر کی حدود میں رہتے ہیں ان کے لئے انتظامیہ کی جانب سے یہ خصوصی بھرتی کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ اس میں شامل ہونے والے تمام امیدوار نہایت جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 24 اور 25 فروری کو جو بھرتی ہونے والی تھی اس کو فی الحال ملتوی کردیا گیا ہے۔ اگلی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔