پونچھ// پونچھ قصبہ میں ٹریفک نظام درہم برہم ہے ۔ پونچھ میں مسافر بسوں کے لئے اگر چہ بس اڈہ ہے لیکن آٹو ، سومو اور دیگر گاڑیوں کے لئے کوئی مخصوص سٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے لوگ جہاں مرضی آئے ،گاڑی کھڑی کر کے سواریاں بھرنے لگ جاتے ہیں۔پونچھ سے بنوت اور ڈھوکری جانے والی مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے اپنی مرضی سے کامسر سڑک پر سٹینڈقائم کر دیا ہے جس کی وجہ سے اس سڑک پر گزرنے والی گاڑیو ںاور پیدل چلنے والے لوگوں کو تو مشکلات کا سامنا کرنا ہی پڑتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ضلع ہسپتال پونچھ اور ناکھاں والی سڑک بھی متاثر ہو تی ہے۔ جام لگ جانے کی وجہ سے ضلع ہسپتال میں آنے جانے والے مریضوں کو اور پونچھ عدالت میں جانے والے لوگوں کو ہمیشہ تاخیر ہوتی ہے۔گوجر بکروال سٹوڈنٹس یونین کے ضلع صدر مشتاق احمد نے کہا کہ کامسر ، عیدگاہ چوک اور قلعہ پونچھ کے سامنے مسافر آٹو اور سومو اور دیگر گاڑیاں کھڑی ہوجانے کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑتا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے کبھی بھی کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کامسر روڈ پر اسلامی مدرسے، نجی اور سرکاری اسکول ہیں جن میں چھوٹے چھوٹے بچے زیر تعلیم ہیں جن کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ٹریفک کے نظام میں بہتری لائی جائے ۔