محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں محکمہ جل شکتی کے ڈیلی ویجرز ملازمین نے ایک اہم اجلاس کے دوران اپنی یونین کی نئی باڈی تشکیل دی، جس کا مقصد یونین کے اندرونی ابہام اور قیادت سے متعلق غلط فہمیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ اس اجلاس میں تمام تحصیلوں سے وابستہ ملازمین نے شرکت کی اور باہمی اتفاقِ رائے سے نئی قیادت کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔اجلاس کے دوران گلزار حسین کو ضلع چیئرمین، مقبول حسین کو دوبارہ ضلع صدر اور سنجے کمار کو نائب صدر منتخب کیا گیا۔ منتخب عہدیداروں کو ساتھیوں کی جانب سے ہار پہنا کر مبارکباد دی گئی، جبکہ یونین کے اراکین نے امید ظاہر کی کہ نئی باڈی ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے متحرک کردار ادا کرے گی۔ترجمانِ یونین نے اس موقع پر بتایا کہ کچھ عرصے سے چند افراد کی جانب سے صدر ہونے کے جھوٹے دعووں نے ملازمین میں انتشار پیدا کر دیا تھا۔ انہی حالات کے پیشِ نظر ضلع بھر کے عارضی ملازمین نے اتفاقِ رائے سے نئی، مضبوط اور متحد باڈی قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ مقبول حسین گزشتہ دس برسوں سے یونین کے ضلع صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی شفاف کارکردگی، دیانت داری اور ملازمین کے درمیان اعتماد کے باعث ایک بار پھر انہیں متفقہ طور پر اس عہدے کے لئے منتخب کیا گیا۔نومنتخب صدر مقبول حسین اور دیگر عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈیلی ویجرز کے دیرینہ مطالبات، خصوصاً باقاعدگی (Regularization)، بروقت تنخواہوں کی ادائیگی اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونین اب پہلے سے زیادہ مضبوط، منظم اور متحد ہو کر اپنی آواز بلند کرے گی تاکہ محکمہ اور انتظامیہ کے سامنے ملازمین کے حقوق کو یقینی بنایا جا سکے۔