پونچھ میں جشن مولود کعبہ ؑ کی مناسبت سے تقاریب

منڈی//سرحد ی ضلع پونچھ میں ولادت حضرت علی ؑکے موقعہ پر مختلف علا قوں میں پروگراموں کا اہتمام کیا گیا جس دوران علماء اکرام نے حضرت علی ؑ کی ولادت اور آپ ؑکی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ اس سلسلہ کی سب سے بڑی تقریب امام بارگاہ پونچھ میں منعقد ہوئی جس کا اہتمام انجمن جعفریہ پونچھ کی جانب سے کیا گیا تھا ۔محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید کے ساتھ کیا گیا۔ بعد ازآں نعت خواں اور قصیدہ خواں نے اپنا کلام پیش کیا۔اپنے خطاب میں امام و خطیب مولانا سید ظہور حسین نقوی نے کہا کہ مسلمانوں کو حضرت علی ؑکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی بسر کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی ؑنے اپنی اور اپنے تمام افراد خانہ کی زندگی کو ہمیشہ دین اسلام کے لئے وقف کیا ہوا تھا ۔انہوں نے کہا کہ علی ؑنے دین اسلام کی بقاء کیلئے کلیدی رول ادا کیا جس کو دیکھ کر مخالفین نے بھی اللہ کی وحدانیت کا اقرار کیا۔ اسی سلسلہ کی ایک تقریب کا اہتمام تحصیل منڈی میں بھی انجمن تنظیم المومنین کی جانب سے کیا گیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سید اقرار حیدر زیدی نے کہا کہ حضرت علی ؑکی ولادت رجب ماہ کی 13 تاریخ کو کعبہ میںہو ئی اور یہ شرف صرف آپ ؑ کو ہی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی ؑکی شخصیت عالم پوری انسانیت کے لئے زندگی گزارنے کا نمونۂ عمل ہے ۔انہوں نے کہاکہ رسول پاک ﷺنے آخری حج کے موقعہ پر غدیرِ خم کے میدان میں امت مسلمہ سے خطاب کرتے ہوے حضرت علی ؑ کو اپنے ہاتھوں پر بلند کر کے ارشاد فرمایا کہ اے مسلمانو ’جس جس کا میں مولا ہوں اس اس کے علی مولا ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی جتنی بھی جنگیں ہوئی ہیں، ان میں حضرت علی ؑ نے اپنی شجاعت کا مظاہرہ کر کے اسلام دشمنوں کو واصلِ جہنم کر کے دین اسلام کو ہمیشہ کامیابی اور کامرانی بخشی۔ ان کا کہنا تھا کہ رسول اکرم ﷺنے فرمایا کہ ’میں علم کا شہر ہوں اور علی اس شہر کے دروازہ ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ علی ؑ نے اپنے علم کے ذریعہ دین اسلام کو روشناس کیا۔ مولانانے کہاکہ علم پر آپ ؑ کو اس قدر عبور تھا کہ آپ نے کہا کہ’سلونی سلونی قبل ان تفقدونی‘(اے لوگوں پوچھ لو پوچھ لو مجھ سے جو پوچھنا ہو ،میں زمین سے بھی زیادہ آسمانوں کا علم رکھتا ہوں)۔ دریں اثنا امام سرنکوٹ میں بھی انجمن جعفریہ سرنکوٹ کی جانب سے محفل کا اہتمام کیا گیا تھا۔اسی طرح کی محافل ضلع کے دیگر مقامات میں بھی منعقد ہوئیں ۔