حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں شیر کشمیر پل کے قریب باندھ پر بنائی گئی جاگر س پارک،جس کی تعمیر حال ہی میں کی گئی تھی کی خستہ حالت ہو رہی ہے،جس کو لے کر سماجی و سیاسی کارکنان برہمی کا اظہار کر رہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق پولیس افیسر محمد شبیر چوہدری نے بتایا کہ حال ہی میں جب یہ پارک بنائی گئی تھی تو لوگوں نے راحت کی سانس لی تھی کہ جو لوگ بیمار ہیں وہ یہاں ا کر تفریح کریں گے اور سیر کریں گے لیکن آج اس پارک کی اس قدر خستہ حالت ہے کہ اس کا مین گیٹ ٹوٹا ہوا ہے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور بھیڑ بکریاں بھی اندر آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارک کی دیکھ ریک کرنے کے لئے وہاں پر کوئی بھی ملازم تعینات نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس کی حالت خستہ ہو رہی ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل سے اپیل کی کہ وہ خود اس پارک کا دورہ کر کے وہاں کا جائزہ لیں اور اس کے بعد متعلقہ محکمہ کو ہدایت کریں کہ پارک کی دیکھ ریکھ کے لئے وہاں کم از کم ایک عارضی ملازم تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ سابق ضلع ترقیاتی کمشنر یاسین محمد چوہدری کے مشکور ہیں جنہوں نے لوگوں کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے یہ پارک تعمیر کروائی تھی لیکن ان کے جانے کے بعد اس پارک کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ اس پارک کی دیکھ ریکھ کو یقینی بنایا جائے اور وہاں پر وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جو دیگر پارکوں میں مہیا کی جاتی ہیں۔