پونچھ میں بدترین ٹریفک جام، مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں

پونچھ//قصبہ پونچھ میں مختلف مقامات کو جانے والی سڑکوں پر ٹریفک جام شہریوں سمیت ٹریفک پولیس کے لیے درد سر بن گیا ہے۔جگہ جگہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی ہونے کے باوجود ٹریفک کی روانی معمول پر نہیں آ رہی ہے۔ عید گاہ چوک کی جانب سے بس اڈہ پونچھ کی جانب جانے والی سڑک ہو یا بس اڈہ سے قلعہ کی جانب سے پولیس تھانہ کی جانب آنے والی سڑک ہو یا پھر ضلع ہسپتال کو جانے سڑک ہو تمام سڑکوں پر کبھی بھی جام لگ جاتا ہے ۔قصبہ پونچھ میں روزانہ سڑک پر ٹریفک کی بھر مار سے شہری ذہنی اذیت اور کوفت کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔ گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاروں کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔ گاڑیوں سمیت موٹر سائیکل اور رکشہ سواروں کا کہنا ہے کہ چاہے کام پر جانا ہو یا واپس گھر لوٹنا ہو جب بھی ان سڑکوں سے گزر ہوتا ہے تو ٹریفک کی روانی ہمیشہ متاثر ہی رہتی ہے۔ جگہ جگہ تعینات ٹریفک پولیس کے اہلکاران کا کہنا ہے کہ شہر کی میں سڑک پر ہمیشہ رش موجود رہتا ہے، شام کے اوقات میں رش بڑھ ضرور جاتا ہے لیکن ٹریفک جام بالکل نہیں ہوتی، البتہ سست روی کا شکار ضرور ہوتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سڑک کنارے غیر ضروری اور غیر قانونی پارکنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جاتی ہے لیکن رش زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر رہتی ہے۔ انہوں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سڑک کے کنارے اپنی گاڑیاں پارک نہ کریں کیونکہ اس وجہ سے بھی ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔