پونچھ شہر میں کتوں کا قہر | ضلع ہسپتال کے قریب کم سن سمیت4راہگیروں کو زخمی کیا

حسین محتشم

پونچھ// سوموار کی علی الصبح پونچھ کے ضلع ہسپتال کے کے سامنے ہی ایک 6 سالہ بچے پر کتوں کے ایک جھنڈ نے حملہ کر دیا، بچے کو بچانے کی کوشش میں وہاں موجود تین دیگر افراد بھی زخمی ہوگئے۔ سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر کتوں کی دہشت پھیلی ہوئی ہے۔ یہاں راجہ سکھدیو سنگھ ضلع ہسپتال کے پاس ایک معصوم بچے کو اس کی ماں کے سامنے ہی آوارہ کتے نوچنے لگے جس سے وہ بری طرح زخمی ہوگیا۔ وہاں موجود لوگوں نے بچے کو بچانے کی کوشش کی تو تین دیگر لوگوں کو بھی کتے کاٹ گئے کسی طرح کتوں کو بھگا کر بچے کی جان بچائی، بچے کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بچے کے چہرے پر کاٹنے کے زخم آئے ہیں۔ انہوں نے کہا بچے کو بچانے کی پوری کوشش کی لیکن کتوں نے انہیں بھی دوڑا لیا۔ کتوں کے حملے میں زخمی بچے کی والدہ نے بتایا کہ پورے شہر میں کتوں کی دہشت ہے۔پہلے بھی کتوں نے حملہ کرتے ہوئے کئی لوگوں کو زخمی کردیا تھا۔ لوگوں نے اس ضمن میں انتظامیہ سے ان کتوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔