پونچھ اور راجوری میں 15سے 18 برس کی عمر کے نوجوانوں کیلئے کووڈ ویکسین مہم کاآغاز

 پونچھ+راجوری //جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں 15سے 18برس کے نوجوانوں کو کووڈ ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔مختلف مقامات پر محکمہ صحت کے ٹیموں نے سیول انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کی موجود گی و اشتراک سے کووڈ ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کیا ۔سرحدی ضلع پونچھ میں بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بڑے پیمانے پر ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے اس سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے 15 سے 18برس کے بچوں کی ویکسی نیشن کا عمل 03جنوری سے شروع کیاگیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت نے ربن کاٹ کر اس مہم کا با ضابطہ آغاز کرتے ہوئے اپنے سامنے مختلف اسکولوں سے آئے ہوئے نوجوانوں کو انجکشن لگوائے اور ان کو ہدایت کی کہ وہ بغیر کسی خوف کے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اس وبائی بیماری کے ساتھ جنگ لڑیں تاکہ ہم اس کو ہرانے میں کامیاب ہو سکیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس دوران پونچھ کے محکمہ صحت کے تمام ڈاکٹرس ، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر تمام عوام کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے پونچھ میںبڑوں کی 100فیصد ویکسی نیشن کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔انھوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کوویکسین لگوائیں تاکہ پونچھ ایک بار پھر مرکزی زیر انتظام کشمیر میں پہلا نمبر حاصل کر سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میںتمام رضاکاروں کا ہر عمر کے لوگوں کو پوری لگن اور تندہی کے ساتھ ویکسین لگانے کی ذمہ داری پوری کرنے پر شکریہ ادا کرتاہوں۔انھوں نے کہا کہ فی الوقت ویکسین ہی کورونا سے بچائو اور تحفظ کا واحد ذریعہ ہے اس لئے تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر ویکسین لگواکر خود اپنے آپ کو اور اپنے اردگرد کے تمام لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ادھر تحصیل منڈی کے ساوجیاں میں بھی فوج اور سیول انتظامیہ کی جانب سے 15سے 18سال کے جوانوں کی ویکسی نیشن کی مہم کا آغاز کیا گیا جہاں متعدد بچوں کو  ضروری ٹیکے لگائے گئے۔ضلع کے ساوجیاں علاقہ میں بھی 15تا 18سالہ عمر کے بچوں میں کوڈ ٹیکہ کاری کا عمل شروع کیا گیا جس دوران 20 بچوں کو کوڈ انجکشن کی پہلی ڈوز دی گئی ۔منڈی تحصیل کے دوردراز اور سرحدی علاقہ ساوجیاں میں بھی اس مہم کا آغاز کیا گیا ۔اس موقعہ پر سرپنچ گگڑیاں بشیر میر کے ہاتھوں اس مہم کا آغاز کیا گیا اور ٹیکہ کاری مہم کے پہلے دن بیس نوجوانوں نے کوڈ ٹیکے لگوائے ۔اس موقعہ پر محکمہ صحت کی جانب سے علاقہ کے نوجوانوں کیلئے ایک کوڈ ٹیکہ کاری جانکاری پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں پی ایچ سی ساوجیاں کے ڈاکٹروں نے نوجوانوں کو عالمی وباء کرونا وائرس سے بچنے کیلئے کوڈ ٹیکہ لگوانے کو ضروری کرار دیا۔ اس موقعہ پر پی ایچ سی ساوجیاں کے ایم او ڈاکٹر علی محمد نے پندرہ تا اٹھراں برس کی عمر کے نوجوانوں کو اس مہم میں بھڑ چھڑ کر حصہ لینے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے 15تا18 سالہ عمر کے نوجوانوں کیلئے اس مہم کو چلایا جا رہا ہے تا کہ باقی لوگوں کے ساتھ ساتھ اس عمر کے نوجوانوں کو بھی کرونا وائرس جیسی مہلوک بیماری سے دور رکھا جا سکے۔اسی طرح مینڈھر سب ڈویژن میں ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر ساحل جنڈیال نے سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر میں بلاک میڈیکل آفیسر کی موجود گی میں کووڈ ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا ۔سرحدی ضلع راجوری میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے دیگر اعلیٰ آفیسران کی موجود گی میں گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول راجوری میں 15سے 18برس کی عمر کے نوجوانوں کیلئے خصوصی کووڈ ویکسین مہم کا افتتاح کیا ۔اس دوران لڑکیوں کی ایک بڑی تعداد نے ویکسین کیلئے اپنا اندراج کروایا ۔ضلع کی سرحدی تحصیل منجاکوٹ کے کئی سرکاری سکولوں میں کووڈ ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔سب ڈویژن نوشہرہ کے مختلف سرکاری سکولوں و طبی مراکز پر کووڈ کی ویکسین لگانے کیلئے ایک مہم کا آغاز کیا گیا جبکہ ابتدائی دن سب ڈویژن میں 800سے زائد بچوں کو کووڈ ویکسین لگائی گئی ۔