جموں //جموں وکشمیر پولیس ہیڈکوارٹر کے 8دفاتر جموں میں 27جون کو بند ہوکر 6جولائی کو سرینگر میں کھلیں گے ۔یہ اقدام دربار مو کے سلسلے میں کیاگیاہے ۔ اس سلسلے میں پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کی طرف سے ایک حکمنامہ جاری ہواہے جس کے مطابق موونگ پولیس جی پی ایف سیل /پی سی ڈی،آرمڈ پولیس ہیڈ کوارٹر جموں وکشمیر بشمول پولیس براس بینڈ،سی آئی ڈی ہیڈ کوارٹر جموں وکشمیر،ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر جموں وکشمیر، ٹیلی کام ہیڈ کوارٹر بشمول ڈائریکٹوریٹ پولیس ٹیلی کام جموں وکشمیر، کرائم برانچ ہیڈ کوارٹرجموں وکشمیر اور ایس ایس ایف ہیڈ کوارٹر جموں وکشمیر کے دفاتر سرینگر منتقل ہوںگے۔دریں اثناء جموں وکشمیر پولیس ہائوسنگ کارپوریشن، ریلویز ہیڈ کوارٹر جموں وکشمیر ، سیکورٹی ہیڈ کوارٹر اور سپیشل سیکورٹی گروپ (ایس ایس جی)ہیڈ کوارٹر کے دفاتر جموں سے ہی کام جاری رکھیں گے ۔پولیس سربراہ کے حکم کے مطابق سرکاری ہدایت پر کاربند رہتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ جموں اور سرینگر دونوں جگہوں پر دفاتر کام کرتے رہیں ۔