سری نگر// جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے کھریو اونتی پورہ علاقے میں حزب المجاہدین جنگجو تنظیم سے وابستہ ایک سرگرم جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بدھ کواپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اونتی پورہ پولیس ،فوج اور سی آر پی ایف کی 185 ویں بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے کھریو علاقے کو صبح کے وقت محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے ایک باغ میں ایک شخص کو مشکوک حالت میں محاصرے سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جس کو پکڑا گیا اور وہ بعد میں ایک سرگرم جنگجو ثابت ہوگیا۔
پولیس نے گرفتار جنگجو کی شناخت ساحل منظور میر ولد منظور احمد میر ساکن تولہ باغ پانپور کے طور کرتے ہوئے اس کی تحویل سے قابل اعتراض مواد بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا۔(مشمولات یو این آئی)