جموں// ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) اور پنچایت اور بلدیاتی ضمنی انتخابات کے لئے سیکورٹی کی مجموعی صورتحال اور سیکورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہو جسمیں تمام اعلیٰ افسران اور ایس ایس پیز بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر دلباغ سنگھ نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات اور انتخابات کے لئے وضع کردہ جامع حفاظتی منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ ڈی جی پی نے وسائل کواستعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہ کام کامیابی کے ساتھ انجام پائے۔ اجلاس میں پولنگ کے انعقاد کے لئے محفوظ ماحول اور سیکورٹی انتظامات اور رائے دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت کو یقینی بنانے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی پی نے کہا کہ پاکستان اور اس کے سہولت کارخطے میں امن کو خراب کرنے کی مستقل کوششیں کر رہے ہیں اور سخت نگرانی کی ضرورت ہے جبکہ اہم اداروں اور تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے ۔ ڈی جی پی نے کہاکہ عسکریت پسندوں اور ان کے آقاؤں کی سرحد پار سے کسی بھی کوشش کو اجتماعی اقدامات سے ناکام بنایاجائے۔انہوں نے سیکورٹی اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔