اشرف چراغ
کپوارہ // بارہمولہ لوک سبھا حلقہ میں 17.37 لاکھ ووٹروں میں سے 500 سے زیادہ کی عمر 100سے زیادہ ہے جو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ سیاسی مبصرین کو انتخابی ریلیوں اور روڈ شوز میں آنے والے بھاری ہجوم کے پیچھے زیادہ ٹرن آئوٹ کی توقع ہے۔2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پہلی بڑی سیاسی لڑائی نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ اور سجاد لون کے درمیان ہے۔21 دیگر امیدوار بھی میدان میں ہیں، جن میں14آزاد امیدوار ہیں،جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں ۔ریلیوں اور روڈ شوز میں زبردست بھیڑ کو دیکھتے ہوئے بارہمولہ میں ٹرن آئوٹ ریکارڈ توڑہونے کی امید ہے۔الیکشن حکام نے 1859 ریلیوں، جلسوں اور روڈ شوز کی اجازت دی جبکہ 300 درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔یہاں28پولنگ اسٹیشن کپواڑہ اور بارہمولہ کے سرحدی علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں۔2019 میں، اس حلقے میں 34.17 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی تھی جس کے ساتھ کپوارہ ضلع میں سب سے زیادہ ٹرن آئوٹ 51.7 فیصد درج کیا گیا، اس کے بعد بانڈی پورہ میں 31.8 فیصد اور بارہمولہ میں 24 فیصد پولنگ ہوئی۔ یہ حلقہ کپواڑہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ کے تین اضلاع میں 18 اسمبلی حلقوں میں پھیلا ہوا ہے اور اس میں بڈگام کے دو حلقے بھی شامل ہیں جنہیں دو سال قبل حد بندی کمیشن کی سفارشات پر شامل کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق 2,103 پولنگ اسٹیشنوں پر 17.37 لاکھ لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔100 سال سے زیادہ عمر کے 527 افراد ہیں جو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ تیسری جنس کے 34 کے علاوہ 8,75,831 لاکھ مرد اور 8,62,000 لاکھ خواتین ووٹرز ہیں۔ 17,000 سے زیادہ ووٹرز معذور افراد ہیں،۔عہدیداروں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر 8,000 سے زیادہ پولنگ عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ انتخابات کے آسانی سے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے، اور مزید کہا کہ 28 پولنگ اسٹیشن کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں واقع ہیں۔ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔خواتین کے زیر انتظام 18 پولنگ بوتھ، 17 خصوصی طور پر معذور افراد اور 18 نوجوانوں کے زیر انتظام ہیں۔ ماحولیات پر پیغامات پھیلانے کے لیے حکام نے 21 گرین پولنگ بوتھ بھی قائم کیے ہیں۔ اتوار کی صبح سے ہی بارہ مولہ ،ہندوارہ ،بڈگام اوربانڈی پورہ میں پولنگ عملے کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور دیگر انتخابی مواد کے ساتھ مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت متعلقہ پولنگ مراکز کی طرف روانہ کیا گیا ۔ انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے تمام حفاظتی اقدامات پہلے ہی مکمل کر لئے گئے ہیں ۔شمالی ضلع کپوارہ کے سرحدی علاقوں جن میں کیرن ،بڈنمل ،کرناہ اور جمہ گنڈ شامل ہے، میں ہفتہ کو ہی پولنگ عملہ اور انتخابی مواد روانہ کیا گیا ۔