عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //یوم جمہوریہ کی تقریبات کو خوش اسلوبی کیساتھ انجام دینے کیلئے جموں وکشمیر میں غیر معمولی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ۔بخشی سٹیڈیم سرینگر اور مولانا آزاد سٹیڈیم جموں کے علاقو ں کو سیکورٹی حصار میں رکھا گیا ہے۔ 26جنوری کو یوم جمہوریہ تقریبات کیلئے پورے جموں و کشمیر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ جموں اور سرینگر میں وادی کی دو سب سے بڑی تقاریب منعقد ہونے جارہی ہیں۔ جموں میں لیفٹیننٹ گورنر سلامی لیکر ترنگا لہرائیں گے جبکہ وزیر اعلیٰ مہمان خصوصی ہونگے۔ سرینگر میں نائب وزیر اعلیٰ تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے۔ تقریبات کو انجام دینے سے پہلے ہی دونوں سٹیڈیموں کو سیکورٹی پہرے میں رکھا گیا ہے۔ تقریبات کے دوران حملوںکا خدشہ موجود ہے جسے ٹالنے کیلئے پولیس وفورسز کو حد متارکہ کے ساتھ ساتھ پورے جموں کشمیر میں متحرک کردیا گیا ہے۔ 26 جنوری کے موقعے پر ملک بھر کی طرح جموںوکشمیر میں بھی تقریبات کا انعقاد ہوگا ۔جموں شہر میں ایم ناکوں پر پولیس و فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور اہم ناکوں پر گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی کا عمل کئی روز سے جاری تھا۔اسی طرح کی صورتحال سرینگر شہر میں بھی دیکھی جارہی تھی۔ لالچوک سمیت سیول لائز علاقوں میں گاڑیوں کو روک کرتلاشی کا عمل جاری رہا اور اس دوران بخشی سٹیڈیم کے ارد گرد حفاظتی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ڈرونز کیساتھ تقریب کی جگہ کی نگرانی کی جائیگی اورسونگھنے والے کتوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہے۔ دونوں سٹیڈیم کی طرف جانے والی سڑکوں پر چیکنگ پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں اور، سی سی ٹی وی کیمرو ں کے ذریعے لوگوں کی نقل وحرکت پر کڑی نظر رکھی جار ہی ہیں۔