سید اعجاز +شاہد ٹاک
ُپلوامہ+شوپیان //پلوامہ اور شوپیان میں ملی ٹینسی کے دو واقعات میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ پولیس پر حملے میں ایک SPOکی ہلاکت ہوئی اور سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوا۔شوپیان کا ملی ٹینٹ17روز قبل گھر سے فرار ہوا تھا۔
پلوامہ
پلوامہ کے پنگلنہ نامی گائوں میں ناکہ پارٹی پر ملی ٹینٹوں نے دن دھاڑے حملہ کیا ، جس کے نتیجے میں ایک SPO ہلاک اور سی آر پی ایف افسر شدید زخمی ہوا۔پولیس نے بتایا کہ اتوار کو سہ پہر 3بجے کے قریب ملی ٹینٹوں نے پنگلنہ میں پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ناکہ پارٹی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں یہاں ڈیوٹی پر موجودایک پولیس اہلکار(SPO) اور سی آر پی ایف کا ایک افسر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے جن کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس کے مطابق یہاں موجوددیگر فورسز اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔پولیس نے بتایا کہ حملے میں ابتدائی طور پر سی آر پی ایف 182بٹالین سے وابستہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر(ASI)جین دیش مکھ اور جموںو کشمیر پولیس سے وابستہ ایس پی او جاوید احمد ڈار ساکن واصورہ پلوامہ شدید زخمی ہوئے ، جن کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں جاوید احمدڈار زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ۔انہوں نے بتایا کہ زخمی فورسز افسر کو بادامی باغ فوجی اسپتال میں منتقل کیا گیا۔واقعہ کے فوراً بعدپولیس ،فوج اور سی آر پی ایف کے اعلیٰ افسران نے جائے وقوع کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا۔اس دوران فورسز نے مشترکہ طور حملہ آوروں کو تلاش کرنے کے لئے بستی کو محاصرے میں لیا اور پورے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا ۔پنگلنہ میں شام دیر گئے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔حملے کے بعدپلوامہ میں جگہ جگہ ناکوں کاجال بچھایا گیا جبکہ فورسز نے،کاکا پورہ،اونتی پورہ،ترال اور پانپور وغیرہ درجنوں مقامات پرراہ گیروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی۔
شوپیان
باس کوچھن امام صاحب شوپیان میں مسلح تصادم آرائی میں ایک مقامی ملی ٹینٹ مارا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع پر44آر آر اور178بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ طور پر اتوار کی صبح 7بجے محاصرہ کیا گیا اور گائوں کی ناکہ بندی کر کے یہاں موجود واحد ملی ٹینٹ کو سرینڈر کرنے کی پیشکش کی گئی۔پولیس نے کہا کہ مذکورہ مقامی ملی ٹینٹ نصیر احمد بٹ ولد محمد یاسین بٹ ساکن نوپورہ باس کوچھن(15ستمبر 2022 سے سرگرم) کے والدین کو بھی بلایا گیا لیکن نصیر نے سرنڈر نہیں کیا۔پولیس نے کہا کہ فائرنگ صبح9بجکر 20منٹ پر شروع ہوئی اور 12بجکر 20منٹ تک جاری رہی۔پولیس نے کہا کہ بعد میںنصیر احمد بٹ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملی ٹینٹ لشکر جنگجو سے وابستہ تھا۔پولیس کے ایڈیشل ڈائریکٹر جنرل وجے کمار نے بتایا کہ امام صاحب شوپیان میں مارے گئے ملی ٹینٹ سے ایک کے 47رائفل اور دیگر اسلحہ بر آمد کیا گیا۔وجے کمار نے مزید بتایا کہ مہلوک ملی ٹنٹ پولیس کو کئی کیسوں میں مطلو ب تھا۔ کشمیر میں سال رواں کے دوران ابھی تک جنگجو مخالف آپریشنوں میں 155ملی ٹنٹ مارے گئے کا دعویٰ کرتے ہوئے وجے کمار نے کہا کہ شوپیان میں مارا گیا ملی ٹنٹ پچھلے بار علاقے میں ہی ایک مسلح جھڑپ کے دوران فرار ہو گیا تھا ۔