بلال فرقانی
سرینگر//حکومت نے کشمیری مہاجرین کی رجسٹریشن کے لیے اسکریننگ کمیٹی کی دوبارہ تشکیل کو محکمہ داخلہ کے انتظامی سیکریٹری کی سربراہی میں منظوی دی۔اس کمیٹی کوخطرے کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے کشمیری خاندانوں اور کنبوں کیلئے رجسٹریشن کے لیے مقرر کردہ تمام ضروری ضابطوں کو پورا کرنے کے بعد، اندراج کرنے کی ذمہ د داری سونپی گئی ہے۔6رکنی کمیٹی کو کیسوں کی بنیاد پر رجسٹریشن کے لیے درخواستوں کو نمٹانے، مجرمانہ تفتیشی محکمہ (سی آئی ڈی) اور متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی طرف سے خطرے کی تصدیق سے متعلق رپورٹ پر غور کرنے کا اختیار ہوگا۔ مذکورہ کمیٹی آفات سماویٰ انتظام،ریلیف، بحالی اور تعمیر نو محکمہ کے ماتحت خدمات انجام دے گی اور سہ ماہی اجلاسوں کا انعقاد کرے گی۔اس کمیٹی کی کمان محکمہ داخلہ کے انتظامی سیکریٹری کو سونپی گئی ہے جبکہ کمیٹی میں اٰیڈیشنل ڈائریکٹر جنرل،سی آئی ڈی، آفات سماویٰ انتظام،ریلیف، بحالی اور تعمیر نو محکمہ کے انتظامی سیکریٹری،جموں اور کشمیر صوبوں کے صوبائی کمشنر کے علاوہ ریلیف و باز آباد کاری کمشنر ممبران ہونگے۔