ڈل میں فضلہ پھینکنے والوں کے لائسنس منسوخ ہونگے،20الیکٹرانک بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی
سرینگر// ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ کشمیری پنڈتوں کی باز آباد کاری کیلئے ایک پالیسی مرتب کی جارہی ہے اور بہت جلد اس بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔سرینگر میں جھیل ڈل کے کنارے واقع ایس کے آئی سی سی میں الیکٹرک بسوں کو متعارف کرنے کی تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا’’ ریاستی سرکارپنڈتوں کی وادی واپسی کیلئے پالیسی بنارہی ہے،اور بہت جلد آپ کواسکے مندرجات کے بارے میں واقفیت ہوجائے گی‘‘۔ الیکٹر انک بسوں کو متعارف کرانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایس پی ملک نے اس کو بہترین قدم قرار دیا۔ سرینگر میں اس طرح کی کُل20 بسیں مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی۔انہوں نے کہا’’ یہ اچھا قدم ہے اور اس سے شہر کا چہرہ ہی تبدیل ہوگا۔‘‘ ایک اور سوال کے جواب میںگورنر نے کہا کہ ہوٹل اور ہاوس بوٹ مالکان جھیل ڈل میں فضلہ ڈالتے ہیں، جس کی وجہ سے جھیل کی حالت بدتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر انہوں (ہائوس بوٹ مالکان) نے سیورج ٹریٹمنٹ پلانٹ نہیں لگائے تو انکی لائسنس کو منسوخ کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا’’ اگر انہوں نے ’’ایس ٹی پی‘‘ کو نصب نہیں کیا تو انکی لائسنسوں کو منسوخ کیا جائے گا۔‘‘اس سے قبل ریاستی گورنر نے الیکٹرانک بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ گورنر از خود بھی ایک گاڑی میں ایس کے آئی سی سی میں سوار ہوئے اور کچھ وقفہ کیلئے گاڑی میں سفر کیا۔تقریب کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایس آر ٹی سی کے افسران بھی موجود تھے۔