پنچایت کھوری کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم | علاقہ میں بجلی، پانی و سڑک جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کی تحصیل درابشالہ پنچایت کھوری کی عوام اس دورجدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔علاقہ میں آج بھی بجلی،پانی و سڑک جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔کھوری پنچایت کی وارڈ نمبر 2 کی عوام نے بتایا کہ علاقہ میں آج بھی بجلی کی ترسیلی لائنیں لکڑی کے عارضی کھمبوں کے ساتھ لٹکی ہوئی ہیں۔ انھوں نے الزام لگایا کہ جو پول یہاں لائے گئے تھے، انھیں بیچ دیاگیاہے اور پولوں کو لکڑی کے کھمبوں سے باندھے رکھا گیاہے۔ جاوید اقبال نامی مقامی شہری نے بتایا کہ علاقہ کیلئے سڑک بھی دستیاب نہیں ہے اور لوگوں کو دوکلومیٹر کا پیدل سفر طے کرکے سامان لانا پڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اس ملک کے باشندے ہیں لیکن انتظامیہ ہمارے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کررہی ہے۔انھوں نے بتایا کہ اگرچہ کئی سال سے سرکاری دفاتر کے چکرکاٹے جارہے ہیں لیکن انکی کوئی نہیں سن رہا ہے، آخر انھیں کب انصاف فراہم کیا جائے گا۔انھوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ انکی جلد از جلد مدد کی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔