مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی پنچایت لوہر نکہ منجہاڑی میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں آہستہ آہستہ اضافہ ہو نا شروع ہو گیا ہے ۔عوام نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پنچایت میں پانی ،بجلی ،سڑکوں کیساتھ ساتھ تعلیمی نظام بھی مفلوج ہے تاہم اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں مکینوں کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین نے بھی متعلقہ حکام سے کئی مرتبہ رجوع کیا لیکن صرف یقین دہانیاں کروائی گئی ہیں جبکہ عملی طورپر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مقامی سرپنچ اقبال خان نے بتایا کہ پنچایت میں بجلی کا نظام مکمل طورپر مفلوج ہوکررہ گیا ہے جبکہ متعلقہ ملازمین خستہ حال نظام کو معیار ی بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں جس کی وجہ سے پنچایت کی لگ بھگ سبھی وارڈوں میں ترسیلی لائنیں لکڑی کے کھمبوں اور سبز درختوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جو کہ عام لوگوں کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین ہمیشہ بجلی کی بل لوگوں تک پہنچانے کیلئے گائوں کا رخ کرتے ہیں جبکہ نظام کو درست کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔سماجی کارکن وسیم راجہ نے بتایا کہ پنچایت میں پانی کی فراہمی کا نظام خستہ حال ہونے کیساتھ ساتھ سڑکوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے مکینوں کی دقتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پنچایت میں صرف ایک مڈل سکول قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نکہ منجہاڑی لوہر پنچایت میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔