پنچایتی انتخابات کا پانچواں مرحلہ ،71فیصد شرح پولنگ

سرینگر// وادی میں پنچایتی انتخابات کے5ویں مرحلے میں جمعرات کو سرینگر کے بغیر تمام اضلاع کے18بلاکوںکے314پنچایتی حلقوں کے سر پنچوں اور2534پنچ وارڈوں میں انتخاب ہوا۔111سرپنچ اور669پنچ بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔113سرپنچ نشستوں اور1707پنچ وارڈوں میں کوئی امیدوار نہیں تھا۔شوپیاں میں مسلسل تیسری بار انتخاب نہیں ہوا۔ مجموعی طور پر اس مرحلے میں ووٹنگ کی شرح33.7فیصد رہی،جبکہ ریاست میں ووٹنگ کی شرح 71.1 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔پانچویں مرحلے کے لئے کپواڑہ کے لنگیٹ ، واوورہ اور سوگام بلاکوں ، بانڈی پورہ کے آلوسہ اور بارہمولہ کے زینہ گیر ، شیر آباد ،کھور او رلال پورہ ، گاندربل کے شیر پتھری ، بڈگام کے کھاگ اور ایس کے پورہ ، پلوامہ کے لتر اور ترال ، شوپیاں کے کانجی اُلر اور رام نگری ، کولگام کے فِرصل اور بہی باغ اور ضلع اننت ناگ کے، کے پورہ اور ڈی کے پورہ بلاکوں میں انتخاب ہوا،تاہم شوپیاں اور کولگام کے4بلاکوں میں انتخاب نہیں ہوا۔ اس دوران صرف90سرپنچ نشستوں پر انتخاب ہوا،جس میں219امیدوار میدان میں تھے۔ذرائع کا کہنا ہے158پنچ وارڈوں میں انتخاب ہوا،جس میں335امیدواروںکے درمیان مقابلہ تھا۔

کپوارہ

 کپوارہ کے3بلاکوں لنگیٹ ، واوورہ اور سوگام میں 15سرپنچ اور290 پنچ بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔ باقی51سرپنچ نشستوں پر125،جبکہ84پنچ وارڈوں پر177امیدواروں کے درمیان انتخابی دنگل ہوئی۔3بلاکوں میں مجموعی طور پر2سرپنچ نشستوں اور208پنچ وارڈوں پر کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل نہیں کئے تھے،جس کے نتیجے میں یہ نشستیں خالی رہیں۔ لنگیٹ بلاک میں693جبکہ سوگام میں8ہزار198اور واورہ بلاک میں15ہزار394رائے دہندگان نے اپنے ووٹ ڈالے اور مجموعی طور پر ووٹنگ کی شرح42.57رہی۔

بانڈی پورہ

 ضلع بانڈی پورہ کے بلاک آلوسہ میں20سرپنچ حلقوں اور146 پنچ وارڈوں میں انتخاب ہوا،جس کے دوران12سرپنچ اور53پنچ بلا مقابلہ کامیاب قرار دئے گئے۔ اس دوران7 سرپنچ وارڈوں میں14امیدوار،جبکہ15پنچ وارڈوں میں32امیدوار میدان میں تھے،جبکہ مجموعی طور78پنچ وارڈوں اور ایک سرپنچ نشست پر کوئی بھی انتخاب نہیں ہوا۔

بارہمولہ

بارہمولہ کے زینہ گیر ، شیر آباد کھور او رلولی پورہ کے3بلاکوں میں45سرپنچ نشستوں اور395پنچ وارڈوں میں انتخاب ہوا،جس کے دوران20سرپنچوں اور93پنچوں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔11سرپنچ نشستوں پر25امیدوار جبکہ16پنچ نشستوں پر33امیدوار میدان میں تھے۔ بارہمولہ کے ان 3بلاکوں میں مجموعی طور پر14سرپنچ اور286پنچ نشستوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا۔

 گاندربل

ضلع گاندربل میں ایک بلاک شیر پتھری میں9سرپنچ حلقوں اور71 پنچ وارڈوں میں جمعرات کو انتخاب ہوا،جس کے دوران2سرپنچوں اور40پنچوں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔ شہر پتھری بلاک میں7سرپنچ نشستوں پر24امیدوار جبکہ10پنچ اورڈوں میں23امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔بلاک کے21پنچ وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا۔

بڈگام

بڈگام کھاگ اور ایس کے پورہ بلاکوں میں جمعرات کو35پنچایتی حلقوں اور303پنچ وارڈوں میں انتخاب ہوا،جس کے دوران16سرپنچ اور66پنچ بلا مقابلہ کامیاب قرار دئیے گئے۔اس دوران6 سرپنچ نشستوں پر14امیدوار جبکہ18سرپنچ وارڈوں پر40امیدوارں کے درمیان مقابلہ ہوا۔مجموعی طور پر13سرپنچ نشستوں اور219پنچ وارڈوں میں انتخاب نہیں ہوا،اور یہ نشستیں خالی رہیں۔

 پلوامہ

پلوامہ کے دو بلاکوں لتر اور ترال میں37پنچایتی نشستوں اور291پنچ وارڈوں میں انتخاب ہونا تھا،جس کے دوران 16سرپنچ اور66پنچ بلا مقابلہ کامیاب قرار دئیے گئے۔لتر اور ترال میں مجموعی طور پر ایک سرپنچ نشست پر2 امیدوار جبکہ3پنچ وارڈوں پر6امیدواروں کے درمیان انتخابی دنگل تھی۔ مجموعی طور پر20 سرپنچ نشستوں اور250پنچ وارڈوں پر کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل نہیں کئے تھے۔ پلوامہ میں0.5 فیصد کی شرح سے ووٹ ڈالے گئے۔ نامہ نگار سید اعجاز کے مطابق ترال بلاک میں مجموعی طور پر24ووٹ ڈالے گئے،جن میں پوسٹل بیلٹ سے حاصل ہونے والے14ووٹ بھی شامل ہیں۔

اننت ناگ

اننت ناگ کے2بلاکوں کھوری پورہ اوردچھنی پورہ بلاکوں میں61سرپنچ اور457پنچ نشستوں پر جمعرات کو پانچویں مرحلے میں انتخاب ہونا تھا،تاہم اس دوران26 سرپنچ اور66پنچوں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔ دونوں بلاکوں میں مجموعی طور پر7سرپنچ نشستوں پر15امیدوار جبکہ12پنچ وارڈوں میں24امیدواروں کے درمیان انتخابی مقابلہ تھا۔28سرپنچ نشستوں اور379پنچ وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا۔

کولگام و شوپیاں

کولگام میں پنچایتی انتخابات کے اس مرحلے میں کوئی بھی انتخاب نہیں ہوا،ضلع کے2بلاکوں فِرصل اور بہی باغ میں25 سرپنچ نشستوں اور185 پنچ وارڈو ں میں انتخاب ہونا تھا،جس کے دوران2 سرپنچوں اور10پنچوں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔23سر پنچ حلقوں اور175وارڈوں میں کوئی بھی انتخاب نہیں ہوا ۔ شوپیاں میں بھی تیسری مرتبہ مسلسل کوئی بھی الیکشن نہیں ہوا،ضلع کے2بلاکوں اُولر اور رام نگری میں14سرپنچ نشستوں اور104پنچ وارڈوں کا انتخاب ہونا تھا،جس کے دوران2سرپنچوں اور14پنچوں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔ضلع میں مجموعی طور پر12سرپنچ اور90پنچ نشستوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا تھا،جس کے نتیجے میں انتخابات نہیں ہوئے۔