راجوری وپونچھ اضلاع کی 5بلاکوں میںپولنگ آج
راجوری//چھٹے مرحلے کے پنچایتی انتخابات کے تحت راجوری وپونچھ اضلاع کے پانچ بلاکوںمیں آج پولنگ ہوگی۔ذرائع کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہورہاہے کہ ایک دن میں پانچ بلاکوں میں پولنگ ہوگی۔اس سے پہلے پانچویں مرحلے کے تحت راجوری وپونچھ اضلاع کی سب سے زیادہ چاربلاکوں میں پولنگ ہوئی تھی لیکن اب پانچویں مرحلے میں بلاکوں کی تعدادپانچ ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع راجوری کی تین بلاکوں تھنہ منڈی ،پلانگڑھ اوردرہال میں پولنگ ہوگی جن میں متعدد پولنگ سٹیشنوں کوانتہائی حساس قراردیاگیاہے۔انتظامیہ کے ایک اہلکارکے مطابق یہ ضلع راجوری میں انتخابات کاسب سے مشکل مرحلہ ہے اوردس سے زائد مقامات پرآپسی تنازعات پیداہونے کاشبہ ہے۔ذرائع نے بتایاکہ متعددپولنگ سٹیشن دوردرازعلاقوں میں ہیں اوران کیلئے پولنگ پارٹیاں سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ روانہ کردی گئی ہیں۔اسی طرح پونچھ ضلع کی بالاکوٹ اورمنکوٹ بلاکوں میں آج پولنگ ہوگی جہاں پرتنازعات پیداہونے کاخدشہ ہے۔انتظامیہ نے پولنگ پارٹیاں روانہ کردی ہیں۔اب پونچھ میں صرف ایک ہی بلاک مینڈھرکے انتخابات باقی رہ جائیں گے جس کی پولنگ 4 دسمبرکوساتویں مرحلے کے تحت ہوگی۔
سندربنی میں انتخابات کے بعدجھگڑا
ایک شخص گرفتار،متعددکیخلاف معاملہ درج
راجوری پولیس نے پانچویں مرحلے کے پنچایتی انتخابات کی پرامن ووٹنگ اورگنتی کے بعدجھگڑے کے سلسلے میں ایک شخص کوگرفتاراورمتعددکے خلاف معاملہ درج کرلیاہے۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کے مطابق پولیس کوایک شخص راکیش شرماولد رام لال ساکن ٹالا ٹانڈا ،سندربنی نے شکایت درج کی اوربتایاکہ وہ گنتی کے بعدواپس گھرآرہاتھاتوگائوں کے چھ افرادنے ان کے گھرمیںگھس پران پراوران کے اہل خانہ پرحملہ کیا۔حملے کی وجہ سے پریوارکے پانچ افرادزخمی ہوگئے اورگھرمیں کھڑی گاڑیوں کونقصان پہنچایاگیا۔پولیس نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر نمبر 121/18 زیردفعات 147,452,323,427پولیس سٹیشن سندربنی میں معاملہ درج کیا۔ایس ایچ اوسندربنی رومال سنگھ کی قیادت اورایس ڈی پی اونوشہرہ خالق حسین کی نگرانی میں مختلف مقامات پرچھاپے مارے گئے جس کے نتیجے میں ایک شخص کوگرفتارکرلیاگیا۔
پنچایت سنئی اپرمیں دومرتبہ پولنگ
مولانا ریاض قادری پھرسرپنچ کے طورکامیاب قرار
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ حلقہ پنچایت اپر سنئی میں گذشتہ 17 نومبر کو ہوئے الیکشن میں سرپنچ امیدوار مولانا ریاض قادر ی کامیاب قراردیئے گئے تھے۔ اس کے بعد وہاں پر خریف امیدوار کی جانب سے شور وغل مچایا گیا کہ گنتی کے وقت حریف امیدوار کے 25 ووٹ چوری کیے گئے ہیں لیکن بعد میں معاملہ طول پکڑ گیا جس کے پیش نظر انتظامیہ نے ڈیوٹی پرتعینات دوملازمین کومعطل بھی کردیا۔ اس معاملے کو لے کر ڈپٹی کمشنر پونچھ راہول یادو نے الیکشن دوبارہ کرانے کا حکم صادر کیا جس کی تاریخ 29 نومبر طے کی گئی تھی تاہم دوسری مرتبہ پولنگ کے بعدبھی مولانا ریاض قادری نے ایک بار پھر سے 413 ووٹ لے کر جیت حاصل کی جبکہ خریف امیدوار نے 371 ووٹ لئے ۔ذرائع کے مطابق دوبارہ الیکشن میں کل ووٹ 784 ڈالے گئے اور ووٹوں کی گنتی تحصیل کمپلیکس سرنکوٹ میں سخت سکیورٹی کے انتظامات کے بیچ ہوئی اور کسی فرد کو اندر جانے کی اجازت تک نہیں تھی اور سارا نظام متحرک رکھا ہوا تھا ۔مولانا ریاض قادری کی جیت کا جب اعلان کیا گیا تو ان کے حمایتیوں نے نعرے بازی کرکے خوشی کااظہارکیا۔بعد ازاں کامیاب اُمیدوار کو ایک جلوس کی شکل میں سرنکوٹ سے ان کے آبائی گاؤں سنئی تک لے جایاگیا۔
پنچایت شیندرہ سے وجاہت بخاری سرپنچ منتخب
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے ایک مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹرسید وجاہت حسین بخاری جو کہ شیندرہ لورحلقہ پنچایت سے سرپنچ اُمیدوارکے طورپرنتخاب لڑ رہے تھے نے کامیابی حاصل کرلی ہے جس پران کے حمایتیوں بالخصوص صحافتی برادری نے خوشی کااظہارکیاہے۔۔اس دوران پنچایت کے مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وجاہت بخاری ایک نوجوان لیڈر ہیں جو صلاحیت رکھتے ہیں کہ عوامی کام کس طریقہ کار سے انجام دئے جاتے ہیں اس لیے لوگوںنے انہیں کامیاب کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ وجاحت اس سے قبل بھی اپنے اخبار کے ذریعے ان کی آواز بلند کرکے انکے کام کرواتے رہے ہیں ۔اب جب کہ وہ اس علاقہ کے سرپنچ بنے ہیں تو ان کی امیدیں اور بھی بڑھ گئی ہیں کہ وہ بااختیار ہونے کی وجہ سے اب علاقہ کی مزید ترقی کروائیں گے ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ حلقہ پنچایت شیندرہ نہایت پسماندہ پنچایت ہے جہاں پر ابھی تک تعمیراتی کام نہیں ہو پائے اس بار جب ایک نوجوان لیڈر وہاں کے سرپنچ بنے ہیں وہ پرامید ہیں کہ وہاں تعمیر و ترقی ہوگی۔ اْدھر جنرل ایسوسیشن پونچھ کے صدر نے بات کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ وجاہت بخاری سر پنچ منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان لیڈر باصلاحیت شخص ہیں جو علاقہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جن لوگوں نے وجاحت بخاری پر بھروسہ کرکے انہیں کامیاب بنایا ہے ان کی تعمیر و ترقی کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔وجاہت بخاری نے بھی حلقہ پنچایت شیندرہ لور کی عوام کا اور صحافی برادری اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی اس کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری طرح پر عزم ہیں کہ وہ اپنی پنچایت کے لوگوں کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کریں گے۔
پونچھ میں پرامن پنچایتی انتخابات کیلئے انتظامیہ کی ستائش
حسین محتشم
پونچھ //ریاست جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کی طرح پونچھ میں بھی پنچایتی انتخابات کے پانچ مرحلے مکمل ہوچکے ہیں جس کے لئے عوام انتظامیہ کی ستائش کر رہی ہے۔ اس حوالے سے سماجی کارکن عبدالرشید شاہ پوری نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پوری ریاست میں پر امن طور پر پنچایتی انتخابات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ضلع پونچھ میں پانچ مرحلے پر امن طریقے سے مکمل ہوئے ہیں جس کے لیے وہ ضلع انتظامیہ کی خصوصی طور پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی سراہنا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع الیکشن آفیسر بھی اس کے لئے مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اچھے طریقہ کار پر عمل کر کے انتخابات کروانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی بھی سراہنا کی جنہوں نے بہتر سیکورٹی فراہم کر کے پورے ضلع میں انتخابات کے دوران لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہول یادو سے اپیل کی کہ جو لوگ ان کے پاس اب شکایت لے کر آرہے ہیں کہ کہیں پر اچھے انتخابات نہیں کیے گئے وہ لوگ غلط ہیں کیونکہ وہ ہار گئے ہیں اس لئے اس طرح کی شکایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جہاں بھی انتخابات ہوئے اچھی طرح اور ایمانداری سے لوگوں نے اپنی مرضی سے اپنے نمائندگان کو چنا ہے۔صحیم جعفر حیات پوری نے اسی سلسلہ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر جگہ بہتر طریقہ سے انتخابات عمل میں لائے گئے انہوں نے کہا ووٹروں کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہوئی ہر جگہ پر امن طور پر انتخابات ہوئے۔ انہوں نے کہا اگرچہ کچھ علاقہ جات میں تصادم ہوئے ہیں وہ لوگوں کے اپنی غلطی کی وجہ سے ہوئے انتظامیہ کی وجہ سے کسی کے ساتھ کوئی غلط سلوک نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے بھی تمام انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔