جموں//جموں و کشمیر میں مختلف مقامات پر پنجاب کے چار باشندوں سمیت چھ مبینہ منشیات فروشوں کو ممنوعہ اشیاء کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پہلے واقعے میںامرتسر کے رہنے دیویندر سنگھ اور اس کے ساتھی صاحب سنگھ کو ضلع ادھم پور کے جکھانی میں چیکنگ کے دوران ان کے ٹرک سے 11 کلو پوست کا بھوسا برآمد ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹرک کشمیر سے پنجاب جا رہا تھا اور اسے جموں سری نگر قومی شاہراہ پر مخصوص معلومات کی بنیاد پر چیکنگ کے لیے روکا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ رام بن ضلع میں لدھیانہ کے لبھ سنگھ اور رگھبیر سنگھ کو جموں سری نگر قومی شاہراہ پر چیکنگ کے دوران ان کے ٹرک سے 13.90 کلو گرام پوست کا بھوسا برآمد ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزمان کشمیر سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ترجمان نے بتایا کہ راجوری ضلع کے عظمت آباد میں چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ منشیات فروش کو چار گرام ہیروئن نما مادہ کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور شخص کو جموں شہر کے جانی پور علاقے سے 124 گرام چرس کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ تمام چھ گرفتار افراد کے خلاف نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔