بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بدھ کی شام سے پنتھیال کے مقام پر گرتے پتھروں کی وجہ سے بند ہے اور جمعرات کو بھی پتھروں کا گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گرتے پتھروں کی زد میں آنے سے وادی کشمیر سے جموں جانیو الا ایک ٹرک تباہ ہوا تاہم ٹرک میں سوار ڈرائیور اور کنڈیکٹر معجزاتی طور بچ نکلے ۔ البتہ ایک تعمیراتی کمپنی کا انجینئر زخمی ہوا۔رام بن اور بانہال کے درمیان پنتھیال کے مقام پرپچھلے کئی روز سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت مسلسل متاثر ہورہی ہے اور بدھ کی شام سے پتھر مسلسل گر رہے ہیں اس لئے شاہراہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار کی کوشش کے باوجود شاہراہ کی بحالی جمعرات کی شام تک بھی ممکن نہیں ہو سکی۔ بدھ کی شام سے چالیس کے قریب بسوں میں سوار بیرون ریاست سے لوٹے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر رام بن ناظم زئی خان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پرپنتھیال اور ترشول موڑ کے قریب پسیاں اور پتھر گرنے سے بند ہے اور بدھ کی شام سے دو ہزار کھانے کے پیکٹ تقسیم کئے گئے ہیں اور جمعرات شام تک مزید دو ہزار پیکٹ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درماندہ مسافروں کی مدد کیلئے پنتھیال پل کے پاس سرکاری لنگر ہے جبکہ بٹوٹ سے بھی کھانا تیار کرکے درماندہ مسافروں تک پہنچایا جارہا ہے ۔
پنتھیال کے نزدیک پتھر گرنے کا عمل جاری
