بانہال // بانہال رام بن سیکٹر میں پنتھیال کے مقام پر پسیاں گر آنے سے سینکڑوں گاڑیاں در ماندہ ہوگئیں اور شاہراہ پر 5گھنٹے تک ٹریفک کی نقل و حرکت معطل ہوئی۔جمعرات کی صبح گیارہ بجے پنتھیال کے مقام پر ایک بھاری پسی گر آئی جسکی وجہ سے شاہراہ پرپانچ گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حرکت بندہوئی۔سہ پہر چار بجے یکطرفہ طور پر شاہراہ بحال کی گئی اور بھاری مسافر گاڑیوں کو بڑی احتیاط کیساتھ ایک ایک کرکے نکالنے کا عمل شام تک جاری رہا ۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے سینکڑوں مسافر گاڑیوں کو پانچ گھنٹوں تک رام بن ، مکرکوٹ ، رامسو،ناشری اور بانہال ۔ قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے آر پار درماندہ ہوکر رہنا پڑا ۔پانچ گھنٹوں تک بند رکھنے کے بعد مسافر اور نجی گاڑیوں کو جموں جانے کی اجازت دی گئی۔ ایس ایس پی ٹریفک شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پانچ گھنٹے بعد یکطرفہ طور بحال کی گئی اور ٹریفک نکالنے کا عمل جاری رہا ۔ انہوں نے کہا کہ پنتھیال کے نزدیک جمعرات کی دن کے گیارہ بجے سڑک کے بند ہونے سے پہلے ہی سینکڑوں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں نے متاثرہ مقام کو پار کرکے اپنی منزلوں کا رخ کیا تھا جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں دیگر مسافر گاڑیوں کو شاہراہ کے کئی مقامات پر روک دینا پڑا تھا ۔