پل کی عدم موجودگی،دیدار پورہ اور جواہر پورہ لام ترال کی آبادی مشکلات سے دوچار

ترال //دیدار پورہ گٹنگو اور جواہر پورہ لا م ترال کے نالے پر پل کی عدم دستیابی کے باعث دونوں علاقوں میں رہائش پذیر آبادی بالخصوص سکولی بچوں اورخواتین کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ قصبہ ترال سے تقریباً 15کلومیٹر دور گٹنگو دیدار پورہ اور جواہر پورہ کے درمیان گزر نے والے لام نالہ پر پل نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ نالے پر پل کی عدم موجود گی کے باعث لوگوں کو ہر وقت بالخصوص بارشوں کے دوران نالے میں پانی کی سطح بڑ جانے کے ساتھ ہی سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نالے پر موجود عارضی پل کبھی بھی حادثے کا موجب بن سکتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ اگر چہ آج تک نالے پر پل تعمیر کرنے کی غرض سے سرکاری سطح پر سروے کرنے کیلئے اعلانات ہوئے لیکن زمینی سطح پر کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔ مقامی لوگوں نے نالے پر فوری طور پل تعمیر کرنے کامطالبہ کیا۔