سرینگر //کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ٹرانسپورٹروں کی جانب سے کویڈ گائیڈلائنز کو نظر انداز کئے جانے کے خلاف اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے جمعرات کو تمام ٹرانپورٹروں سے میٹنگ منعقد کرنے کیلئے نوٹس جاری ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کی جانب سے جاری کی گئی میٹنگ نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کی صدارت میں 27تاریخ بروز جمعرات دن کے 11بجے ٹرانسپورٹروں کے ساتھ محکمہ انفارمیشن پولوویو سرینگر میںپرائیورٹ ٹرانسپورٹروں کی جانب سے کورونا مناسب قوائد و ضوابط کا سختی سے اطلاق پر میٹنگ منعقد ہوگی۔اس سلسلے میںریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (کشمیر) ، ایس ایس پی ٹریفک سٹی سرینگر، ایڈیشنل سپر انٹنڈنٹ آف ٹریفک سٹی سرینگر،صدر منی بس فیڈریشن یونین (کشمیر) ، صدر بگ بس فیڈریشن یونین کشمیراور صدر ٹیکسی/میکسی فیڈریشن یونین کشمیر کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یکم جنوری سے کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے بائوجود بھی پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے استعمال کی جانے والی گاڑیوں میں نہ تو ماسک کا استعمال کیا جاتا ہے اور نہ ہی ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کی جانب سے سماجی دوری کا اہتمام کیا جاتا ہے بلکہ او رلوڈنگ کا سلسلہ بدستور اور بغیر کسی خلل کے جاری ہے۔