پلولیاں میں سائیں چلہ کا سالانہ عرس منایا گیا

راجوری//راجوری کے نزدیک زیارت شریف پلولیاں گاؤں میں واقع سائیں چلہ کی درگاہ کے سالانہ عرس مبارک کا جمعرات کو یکجہتی کے جذبے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔اس مزار پر عرس مبارک کا انعقاد ہر سال 31 مارچ کو ہوتا ہے اور اس سال مقامی لوگوں کے تعاون سے اوقاف اسلامیہ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔عرس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔عرس مبارک کی خصوصی دعا جمعرات کی صبح ادا کی گئی جس میں مذہبی مبلغین نے شرکت کی اور امن اور ہم آہنگی کیلئے دعا کی۔مقامی مسلمانوں نے کہا کہ مزار پر عرس مبارک ہم آہنگی کی زندہ مثال ہے کیونکہ اجتماع میں ہندو اور سکھ سمیت زندگی کے تمام کاموں سے تعلق رکھنے والے لوگ شرکت کرتے ہیں۔