مشتاق الاسلام
پلوامہ//ضلع ہسپتال پلوامہ میں 50 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی بلاک پر انتظامیہ جلد ہی کام شروع کررہی ہے۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالغنی ڈار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ انہیں توقع ہے کہ ہسپتال کے الگ ایمرجنسی بلاک پر تعمیرکرنے کا کام جولائی 2024 کے آخری ہفتے تک شروع ہو جائے گا‘‘۔انہوں نے کہاکہ ضلع ہسپتال پلوامہ میں موجودہ شعبہ حادثات 20 سال قبل قائم تعمیر ہوا تھا اور اس میں تقریباً 20 بستروں کی گنجائش موجود ہے۔البتہ ضلع ہسپتال پرمریضوں کے انتہائی زیادہ بوجھ کو برداشت کرنے اور ان کی سہولیات کیلئے اس انتہائی بلاک کو تعمیر کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی سرکار نے وادی کے ان ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے بلاکوں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے جہاں بڑی تعداد میں مریض علاج و معالجہ کیلئے آتے ہیں۔ڈاکٹر ڈار نے کہا کہ اس سلسلے میں اراضی کی نشاندہی ہو چکی ہے جبکہ مٹی کی جانچ کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔ ہسپتال میں روزانہ کی بنیادوں پر 3500 کے قریب مریضوں کی طبی جانچ کی جاتی ہے اور ہسپتال میں جراحی کی سہولیات دن رات دستیاب ہیں۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ نئی سہولت سے ایسے مریضوں کو موثر طریقے سے سنبھالنے میں مدد ملے گی جنہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے بلڈ بینک کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے سے متعلق بتایا کہ ہم اپنے ہسپتال میں خون کے اجزاء کو الگ کرنے کی سہولت شروع کر رہے ہیں۔اس سہولت کے لیے ایک لیبارٹری پہلے ہی قائم کی جا چکی ہے اور کچھ آلات بھی نصب کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سروس کو شروع کرنے کیلئے ہسپتال کو چند بنیادی آلات کی ضرورت ہے، جس سے صورہ اور صدر ہسپتال کے بعد یہ سہولت پلوامہ کے لوگوں کو دستیاب ہوگی۔ہسپتال میں طبی و نیم طبی عملے کی کمی کے باعث ہسپتال انتظامیہ مشکلات سے دوچار ہے۔اعداد و شمار کے مطابق طبی و نیم طبی عملے کی 40 فیصدعدم دستیاب عملے کا بوجھ بھی یہاں تعینات عملے کو ہی برداشت کرنا پڑرہا ہے۔