پلوامہ کا ایم بی بی ایس طالب علم لقمہ ٔ اجل

سرینگر+بانہال // راولپنڈی پاکستان میں جنوبی کشمیر پلوامہ کا ایم بی بی ایس طالب علم سڑک کے ایک حادثے میں القمہ اجل بن گیاہے۔جموں کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق توصیف رشید وانی ساکن بٹہ پورہ نائین سنگم پلوامہ جمعہ کو راولپنڈی پاکستان میں ایک سڑک حادثے کے دوران شدید زخمی ہوا اور بعد میں اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔ وہ گورنمنٹ میڈیکل کالج راولپنڈی میں ایم بی بی ایس کے چوتھے سمسٹر میں زیر تعلیم تھا۔ادھر کولگام کے کاڈر علاقے میں گاڑی لڑھکنے سے سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوئے۔18بٹالین سے وابستہ سی آر پی ایف کی گاڑی کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب وہ بہی باغ سے کولگام جارہی تھی۔ اس واقعہ میں کانسٹیبل ابیت اور انیل کمار کے علاوہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر نورنگ کو معمولی چوٹیں آئیں۔ادھر بٹوٹ۔ کشتواڑ شاہراہ پر بٹوٹ کے نزدیک جمعہ کی صبح پیش آئے سڑک کے ایک حادثے میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ یہ آلٹو کار نمبر JK-06/8771 بھدرواہ سے جموں کی طرف جارہی تھی اور جمعہ کی صبح قرب ساڑھے سات بجے یہ کار بٹوٹ پہنچنے سے چند کلومیٹر پہلے بگو نالہ علاقے میں گردوارہ کے نزدیک حادثے کا شکار ہوئی اور سڑک سے نیچے لڑھک گئی۔ اس حادثے میں ایک 19 سالہ نوجوان وکاس کمار ولد سنجے کمار ساکنہ بھدرواہ کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی جبکہ اس کے دو نوجوان ساتھی 27 سالہ راہول آنند اور 22 سالہ شیو پرکاش ولدیت دونی چند ساکنان بھدرواہ زخمی ہوئے ہیں اور انہیں بٹوٹ کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔