پلوامہ میں2 کیمپوں پر گرینیڈ حملے

پلوامہ//نیوہ پلوامہ میں جنگجوئوں نے سی آر پی ایف کے ایک کیمپ پر ہتھ گولہ داغااور پھر شدید فائرنگ کی ۔ واقعہ میں ایک اہلکار بری طرح زخمی ہوا ۔جنگجوؤں نے 17اور18ستمبر کی درمیانی رات قریب ایک بجے نیوہ پلوامہ میں قائم ایس او جی اور 183 بٹالین سی آر پی ایف کے مشترکہ کیمپ کو اڑانے کی غرض سے گرینیڈ داغے اور فائرنگ کی ۔اندھا فائرنگ کے جواب میں کیمپ میں موجود فورسز اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی میں فائرنگ کی ۔معلوم ہوا ہے کہ جنگجوئوں کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں ایک فورسز اہلکار زخمی ہوا ،جسکی بعد میں شناخت منظور احمد کے بطور ہوئی ۔ مذکورہ اہلکار کے کندھے میں گولی لگی ہے ۔ جنگجوئوں نے فورسز کیمپ پر رائفل گرینیڈ بھی داغے لیکن وہ پھٹنے سے رہ گئے جنہیں بعد میں بم ڈسپوزل سکارڈ نے ناکارہ بنایا ۔حملہ کے بعد علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور حملہ آئور وں کی تلاش شروع کردی گئی،جو منگل کی صبح بھی جاری رہی ۔ اس دوران منگل کی رات دیر گئے جنگجوئوں نے کاکہ پورہ  پلوامہ میں تعینات 183بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر رائفل گرینیڈ داغا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس موقعہ پر طرفین میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ادھرٹینگہ پورہ نائد کھئے سوناواری کا فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشیاں لی گئیں۔اس موقعہ پر تمام راستوں کو مکمل طور پر بند کرکے کڑا محاصرہ کیا گیا۔