مشتاق الاسلام+اشرف چراغ
پلوامہ+کپوارہ //پلوامہ کے مضافاتی علاقے آری ہل میں فوج اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کے مختصر تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔پولیس کے مطابق نیو کالونی آری ہل بستی کو جمعرات بعد نماز عشا 44 آر آر، ایس او جی اور سی آر پی ایف182 بٹالین نے ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد محاصرے میں لیا۔پولیس کے مطابق علاقے کو محاصرے میں لینے کے بعد مشترکہ طور گھر گھر تلاشی شروع کی گئی،جس دوران سیب کے باغ میں تعمیر عارضی ٹین کے شیڈمیں چھپے ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر گولیاں چلائیں۔پولیس کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا۔
پولیس نے جھڑپ میں مارے گئے ملی ٹینٹ کی لاش اپنی تحویل میں لی ہے۔ ممکنہ طور علاقے میں چھپے دیگر ملی ٹینٹوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ادھرپولیس نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے لشکر طیبہ کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور ہندوارہ میں ملی ٹینٹوں کے 2 ساتھیوں کو گرفتار کیا ۔پولیس نے بتایا کہ ہندوارہ پولیس نے فوج اور سی آر پی ایف کی ٹیموں کے ساتھ مل کر لشکر طیبہ/ٹی آر ایف کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور ملی ٹینٹوں کے ساتھیوں پرویز احمد ڈار ولد محمد رستم ڈار اور شوکت احمد شیرگجری ولد غلام محمد شیر گجری کے انکشاف پر طوطی گنڈ کے جنگل سے اسلحہ برآمد کیا۔ دونوں طوطی گنڈ ہندوارہ کے رہنے والے ہیں۔”قانون کے متعلقہ سیکشنز کے تحت ایف آئی آر نمبر 264/2023 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس کیس میں مزید گرفتاریوں اور بازیابیوں کی توقع ہے۔