پلوامہ//پلوامہ کے آری ہل ، نکس، بنڈزو، دراچھ، وزرم پتھری، ڈانگر پورہ، سعدہ پورہ دیہات میں کئی ہفتوں سے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کیخلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مذکورہ دیہات کو وزرم پتھری واٹر سپلائی سکیم سے پانی فراہم ہوتا ہے لیکن مقامی باشندوں کے مطابق اب ٹینکی سے پانی کی ایک بوند بھی فراہم نہیں ہورہی ہے ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ مذکورہ دیہات کی خواتین کو میلوں دور سے پانی کندھوں پر لانا پڑرہا ہے۔آری ہل کے باشندوں نے شکایت کی ہے کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم آری ہل کے علاوہ چند ایک دیہات کے لئے ہی بنائی گئی تھی لیکن بعد میں محکمہ نے رفتہ رفتہ کئی مزید دیہات کو بھی اس سکیم سے جوڑاگیا جس کے باعث پانی کی قلت پائی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ دیہات کے باشندے کئی روز سے پانی کی عدم دستیابی کے لئے احتجاج کر رہے ہیں اور مقامی لوگوں نے جمعہ کوبھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ڈانگر پورہ اور سعدہ پورہ کے باشندوں نے بتایا کہ ڈانگر پورہ میں قایم پانی کی ٹنکی کئی ماہ سے پوری طرح سے خالی ہے جس کے سبب عوام کو مشکلات درپیش ہیںجبکہ عوام کو ندی نالوںکاگندہ پانی استعمال کرنا پڑرہاہے۔ایگز کیوٹیو انجینئر پی ایچ ای برائے شوپیان و پلوامہ نثار احمد شاہ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ دراصل واٹر سپلائی سکیم کا منبع سوکھ چکا ہے جس وجہ سے پانی ٹنکی میں جمع نہیں ہو پاتا ہے اور دیہات کو پانی سپلائی نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئیندہ ایک ہفتہ میں معاملہ کو حل کیا جائے گا اور تب تک متاثرہ دیہات کو گاڑیوں کے ذریعہ پانی فراہم کیاجائیگا۔