مشتاق الاسلام
پلوامہ//جنوبی اضلاع پلوامہ اور اننت ناگ کو ملانے والی اہم اور مصروف ترین پلوامہ لاسی پورہ سڑک پر ٹہاب میں 5میٹر لمبا پل بھاری بھرکم ڈمپروں کی وجہ سے ٹوٹ گیا اور پل کے بیچوں بیچ ایک گہرا کھڈ بن گیا ہے جس کی وجہ سے اس سڑک پر آئے روز ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں ۔ ڈمپروں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت کی وجہ سے پل مکمل طور ڈہہ جانے کا خطرہ درپیش ہے۔ پل کی تجدید و مرمت نہ ہونے کی وجہ سے کثیرآبادی پریشان ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ آر اینڈ بی پلوامہ گذشتہ 2ماہ سے چشم پوشی کا مظاہرہ کررہا ہے جس کی وجہ سے تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق لوگوں نے اب اس پل پرخود ہی کیلئے ایک تختی لگائی گئی ہے جس پر ’محکمہ آر اینڈ بی پلوامہ لاپتہ ہے ‘ کی عبارت تحریر ہے تاکہ حادثات نہ ہوں۔مقامی آباد ی اور ٹرانسپوٹروں کا کہنا ہے کہ لاسی پورہ میںنالہ رمبی آرہ سے کان کنی ہورہی ہے اور سینکڑوں کی تعداد میں یہ ڈمپر اور ٹپر تیز رفتاری کی وجہ سے عوام کو پریشان کررہے ہیں۔
اب ڈمپروں نے ٹہاب میں ایک پل کو نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے پلوامہ سے لاسی پورہ،چند گام ،لتر ،اچھن ،چکورہ ،نائنہ ،سنگم ،اننت ناگ اور دیگر علاقوں کا روزانہ سفر کرنے والے ہزاروںمسافروں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔پل پر گہرا کھڈ بن چکا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف یہاں ہر وقت ٹریفک جام لگا رہتا ہے بلکہ حادثات پیش آتے ہیں۔محمد یوسف میر نامی ایک شہری نے بتایا کہ تقریباً3ماہ سے یہ صورتحال ہے اور محکمہ آر اینڈ بی خواب خرگوش میں ہے ،آئے روز حادثات پیش آتے ہیں اور گھنٹوں ٹریفک جام لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے ہسپتال جانے والے مریضوں ،طلاب کے ساتھ ساتھ خواتین اور دیگر مسافروں کو گرمی کے ان ایام میں مشکلات کا سامناہے۔ریاض احمد نامی ایک دکاندار نے کہا ’’محکمہ آر اینڈ بی کے اہلکار روز یہاں سے گزرتے ہیں تاہم اس اہم عوامی مسئلہ کی جانب 2ماہ سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ کچھ دن قبل ایک موٹر سائیکل پر سوار 2افراد بال بال بچ گئے جب ان کی موٹر سائیکل پل پر بنے کھڈ میں گر گیا جبکہ کئی گاڑیاں بھی اس وجہ سے نقصان کا شکار ہوئیں ‘‘۔لوگوں نے کہا کہ آر اینڈ بی محکمہ کی عدم توجہی اور ناقص کار کردگی کی وجہ سے علاقہ کی بیشتر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں جبکہ گذشتہ برس تملہ ہال میں ایک رابطہ سڑک پر ادھورا میکڈم بچھایا گیا۔لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔اس حوالے سے محکمہ آر اینڈ بی کا کہنا ہے کہ اس پل کی مرمت کیلئے ان کے پاس فنڈس دستیاب نہیں ہیں۔ایگزیکیٹو انجینئر آر اینڈ بی پلوامہ جاوید احمد ڈار نے اس ضمن میںکہا کہ انہوں نے ٹہاب اور پلوامہ کے درمیان رابطہ پل کی تعمیر کیلئے ٹینڈر بھی نکالے تھے لیکن فنڈس دستیاب نہ ہونے کے سبب ٹینڈر کو منسوخ کرنا پڑا۔