پلوامہ میں ایک نوجوان کی مبینہ خود کشی جہلم میں کودنے والے شخص کی تلاش کیلئے نیوی کی خدمات حاصل

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// پلوامہ میں نوجوان نے مبینہ طور پر خود کو رسی سے لٹکاکر خود کشی کرلی ہے ۔ ادھرسرینگر میں صفا کدل کے قریب دریائے جہلم میں چھلانگ لگانے والے 55 سالہ شخص کی لاش کو نکالنے کے لیے سرچ آپریشن مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا جب کہ ہندوستانی بحریہ کے مارکوس کمانڈوز کو بھی اس سرچ آپریشن میںشامل کیا گیا ہے۔گابر پورہ پلوامہ میں25سالہ نوجوان(نام مخفی) کو کل اپنے ہی گھر میں رسی سے لٹکتا ہوا پایا گیا جس کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا ۔ پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ ادھرسرینگر میں عیدگاہ کے نذیر احمد متو جس کی عمر قریب 55برس بتائی جاتی ہے نے جمعرات کو صفا کدل کے قریب دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی۔اس کے فوراً بعد اسے بچانے کے لیے تلاش شروع کی گئی لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور شام کو آپریشن ختم کر دیا گیا۔ جمعہ کی صبح آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا اور اس میں مارکوز کمانڈوز کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔