پلاسٹک ویسٹ منیجمنٹ رولز 2016 کی عمل آوری

جموں//پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی دھیر ج گپتا نے یوٹی سطح کی مشاورتی کمیٹی کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جس کا مقصد پلاسٹک ویسٹ منیجمنٹ رولز2016 کی عمل آوری ہے ۔سپیشل سیکرٹری ایچ اینڈ یو ڈی ڈی میر شوکت علی ، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن ، اونی لواسا، چیئرمین جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی ببیلا رکوال، ڈائریکٹر لوکل باڈیز جموں اصغر حسین ، ایڈیشنل سیکرٹری ایچ اینڈ یو ڈی ڈی روی شنکر ، صنعت وحرفت کے نمائندے، جنگلات ماحولیات ، سیلز ٹیکس ،سکول ایجوکیشن اور اس سے وابستہ دوسرے محکموں کے نمائندے میٹنگ میں موجود تھے جبکہ کمشنر ایس ایم سی غضنفر علی، ڈائریکٹر لوکل باڈیز اور دیگر افسران نے سری نگر سے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شرکت کی۔دوران میٹنگ پلاسٹک کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے اور کمیٹی کی گزشتہ میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں پر عمل آوری سے متعلق پر مفصل بحث و تمحیص ہوئی۔پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو پلاسٹک کوڑا کرکٹ کو مناسب اور معقول طریقے سے جمع کرنے اسے علاحدہ کرنے اور دوبارہ کار آمد بنانے کے لئے مختلف بلدیاتی اداروں کی سرگرمیوں میں بہتری لانے کی ہدایت دی۔پرنسپل نے جے ایم سی اور ایس ایم سی کمشنران ،جموں سری نگر کے بلدیاتی اداروں کے ناظمین کو گھر گھر جاکر کوڑا کرکٹ بشمول پلاسٹک کوڑا کو جمع کرنے کی صدفیصد عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ چھوٹے پیمانے پر کوڑا کرکٹ کوٹھکانے لگانے کے لئے منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور متعلقہ محکموں کے سربراہوں کو تما م بلدیاتی میں میٹریل ریکوری فیسلٹی کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی کرنے کے لئے کہا گیا۔پرنسپل سیکرٹری نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو کمیٹی کی جانب سے لئے گئے فیصلوں میں عمل آوری سے متعلق ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی اور ساتھ ہی پلاسٹک کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے لئے وضع کئے گئے عمل آوری سے متعلق بھی رِپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا۔