سرینگر//جموں کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدرغلام احمدمیر نے کانی شال بافوں کی حالت زار پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے انہیں نظراندازکیا ہے۔میرنے کہا کہ وزیراعظم شانے پر پشمینہ شال ڈالنے سے خوشی محسوس کرتے ہیں لیکن لگتاہے کہ انہیں اس فن کے بارے میں فکر نہیں ہے اور نہ ہی اس ہنر کے کاریگروں کی حالت زار کااندازہ ہے۔پردیش کانگریس صدر نے پشمینہ کانی شال کے کاریگروں کی حالت پر تشویش کااظہار کیا کیوں کہ کانی شال کی برآمد میں نمایاں کمی آنے سے اس ہنر کے کاریگر دوسرا کوئی متبادل تلاش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دس گھنٹے کام کرنے کے باوجود بھی اس کاریگر کو صرف250روپے کی کمائی ہوتی ہے جس کی وجہ سے اس کام کے ماہر اس کوخیرآباد کہہ کر دیگر متبادل کام کی تلاش کرکے اپنا روزگار کمارہے ہیں۔میر نے کہا کہ حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے یہ ہنر اب اپنی موت آپ مررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانہامہ میں شال بنانے کی فیکٹری گزشتہ18ماہ سے بند پڑی ہے لیکن حکومت اس فیکٹری کوبحال کرنے کیلئے کوئی قدم نہں اُٹھا رہی ہے۔
پشمینہ ’کانی ‘شال کے کاریگروں کی حالت زار
