یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس آفت نے ہماچل پردیش کو تباہ کر دیا ہے اور وہاں مکمل تعمیر نو کی ضرورت ہے، اس لیے اس سانحے کے متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے لئے اسے قومی آفت قرار دیا جانا چاہئے۔محترمہ واڈرا نے وزیر اعظم کو لکھے ایک خط میں کہا، ’’میں آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ اس آفت کو 2013 کے کیدارناتھ سانحہ کی طرح قومی آفت قرار دیا جائے اور متاثرین اور ریاست کو مالی مدد فراہم کی جائے تاکہ ہماچل کے بھائی بہنوں کو راحت ملے اور ریاست کو صحیح طریقے سے دوبارہ بنایا جا سکتا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس سانحہ سے نمٹنے کے لیے ریاستی عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر مسلسل کام کر رہی ہے۔ وہاں لوگ متحد ہو کر اپنی محنت عطیہ کر رہے ہیں اور چندہ اکٹھا کر کے ریلیف پروگرام منعقد کر کے لوگوں کو راحت فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آفات سے نمٹنے کے لیے لوگوں کا یہ اتحاد بہت متاثر کن ہے اور اس سے ان کے مسائل کو سمجھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک اس سانحہ سے دوچار ہماچل کی مدد کے لئے آگے آ رہا ہے اور انہیں امید ہے کہ ہماچل کے لوگوں کے تئیں حساسیت رکھتے ہوئے مسٹر مودی ان کی مدد کے لئے مناسب قدم اٹھائیں گے۔واڈرا نے کہا، “حال ہی میں میں نے شملہ، کلو، منالی اور منڈی میں آفت زدگان سے ملاقات کی۔ ہر طرف تباہی دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔ اس آفت میں اب تک 428 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہوں نے اپنے کنبہ کے تمام افراد کو اس آفت میں کھو دیا۔ مرنے والوں میں چھوٹے بچے بھی شامل ہیں، جو اپنی ماؤں کے ساتھ ساون کے آخری پیر کی صبح سویرے شیو مندر پوجا کرنے گئے تھے۔