سرینگر// سنیئر صحافی شجاعت بخاری کے قتل کے بعدریاست میں میڈیا کی صورتحال کا احاطہ کرنے کیلئے پریس کونسل آف انڈیا3ممبران پر مشتمل ٹیم کو جموں کشمیر روانہ کریگی۔پریس کونسل آف انڈیا کی یہ ٹیم یکم جولائی سے ریاست کا 5روزہ دورہ کرے گی،اور جموں کشمیر میں پریس کی موجودہ حیثیت پر صحافیوں اور رئزنگ کشمیر کے مہلوک ایڈیٹر سید شجاعت بخاری کے اہل خانہ کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے مکمل جانکاری حاصل کرے گی۔پریس کونسل آف انڈیا کے بیان کے مطابق ریاست کے5روزہ دورے پر آنے والی3ممبران پر مشتمل ٹیم میں پروات کمار داش،اشوک اپودھائے اور سشما یادو شامل ہے،جو کہ انتظامیہ اور حکام سے بھی میڈیا سے متعلق معلومات حاصل کریں گی۔پریس کونسل آف انڈیا کے چیئرمین چندمولی کمار پرساد،پہلے ہی جموں کشمیر میں ہیں،ریاستی گورنر این این وہرا سے ملاقی ہونگے۔ پرساد نے پہلے ہی شجاعت بخاری کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے ریاستی چیف سیکریٹری اور سیکریٹری داخلہ اور ریاستی پولیس کے سربراہ کے ذریعے حکومت کو ہدایت دی،کہ وہ اس کیس سے متعلق حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کریں۔پریس کونسل آف انڈیا نے بی جے پی ممبر اسمبلی چودھری لال سنگھ کو بھی نوٹس جاری کی،جنہوں نے22جون کو جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو دھمکی دی ۔