سرینگر //پریس کونسل آف انڈیا کی سب کمیٹی کشمیر میں میڈیا منظر نامے کا جائیزہ لینے کیلئے اپنے چار روزہ دورے پر سرینگر پہنچی ۔ تین ارکان پر مشتمل پی سی آئی ٹیم کی سربراہی بلویندر سنگھ کر رہے ہیں اور اس ٹیم میں کمل نائین نارنگ اور سید رضا حسین رضوی بھی شامل ہیں ۔ سرینگر پہنچنے پر ٹیم نے نظامتِ اطلاعات و رابطہ عامہ سرینگر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ذرائع ابلاغ کے کئی وفود کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی جن میں ایڈیٹرز ، فوٹو جرنلسٹ اور نیوز ایجنسیوں کے نمائندے بھی شامل تھے ۔ ٹیم نے ان وفود سے مجموعی میڈیا منظر نامے پر اُن کا فیڈ بیک حاصل کیا اور صحافیوں کو روزانہ پیشہ وارانہ فرایض کی انجام دہی کے دوران درپیش مسائل کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ پی سی آئی ٹیم نے محکمہ اطلاعات کی طرف سے 10 اگست 2019 کو میڈیا برادری کی سہولت کیلئے قائم کئے گئے میڈیا فیسلٹیشن مرکز کا بھی معائینہ کیا ۔ ڈی آئی پی آر کے افسروں نے ٹیم کو ایم ایف سی کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی اور پچھلے 7 ماہ کے دوران میڈیا برادری کو بہم رکھی جارہی سہولیات سے بھی روشناس کرایا ۔ بعد میں پی سی آئی ٹیم نے کچھ اخباروں کے دفاتر کا بھی دورہ کیا اور وہاں عملے کے ساتھ بات چیت کر کے اُن کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ دسمبر2019 میں پی سی آئی کی ٹیم نے جموں خطے کا دورہ کیا تھا۔