پریس کلب راجوری نے صحافی پر حملے کی مذمت کی

 تھنہ منڈی // پریس کلب راجوری نے صحافی عمران خان پر دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی کے کارکنوں کی جانب سے مبینہ طورپر کئے گئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ صحافی عمران خان کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی پیشہ وارانہ ڈیوٹی کر رہے تھے۔ پریس کلب راجوری کے صدر اویناش جسیال اور چیئرمین عارف قریشی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں صحافی پر حملے اور غیر ضروری ہراساں کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کی مانگ کی گئی ہے۔ پریس کلب اراکین نے ایس ایس پی راجوری سے ان لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی اپیل بھی کی ہے جو اس واقع میں ملوث ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر اپنے فرائض کی انجام دہی میں میڈیا کو مکمل تحفظ فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت اور ان کے اظہار رائے کے حق پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین اظہار رائے کی آزادی اور میڈیا کے حقوق اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ لہذا صحافیوں اور ان کی املاک پر حملہ کرنا ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر حملہ روز کا معمول بن چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایل جی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ضلع انتظامیہ کو ہدایت جاری کرے کہ وہ صحافی پر حملہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ وہیں راجوری کے صحافیوں نے سڑک بلاک کر کے کنسٹرکشن کمپنی کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ راجوری نے پریس کلب راجوری کے بینر تلے ہفتہ کے روز گوجر منڈی راجوری چوک کو بلاک کر کے دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے خلاف زبردست احتجاج کیا جو راجوری تھنہ منڈی روڈ کے ڈبل لین کے کام میں مصروف ہے۔اس موقع پر صدر پریس کلب راجوری اویناش جسیال اور چیئرمین عارف قریشی کی قیادت میں صحافیوں نے سڑک بلاک کر کے کمپنی کے خلاف نعرے بازی کی اور مذکورہ کمپنی کے ٹھیکیدار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ صحافیوں نے تھنہ منڈی سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی عمران خان پر حملے میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے جن پر دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے کارکنوں نے حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔انھوں نے کہا کہ صحافی عمران پر ایس ڈی ایم اور تحصیلدار تھنہ منڈی کی موجودگی میں حملہ کیا گیا لیکن اس کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔انھوں نے صحافی پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری اور ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعد میں اے ایس پی راجوری وویک شیکھر شرما جائے وقوعہ پر پہنچے اور بتایا کہ دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے ٹھیکیدار کے خلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری کےلئے پولیس پارٹی روانہ کردی گئی ہے۔اس یقین دہانی کے بعد میڈیا برادری کی جانب سے احتجاج ختم کیا گیا۔آخری اطلاعات ملنے تک تین ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔جرنلسٹ ایسوسی ایشن پونچھ کے اراکین نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کےخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری و انجمن اردو صحافت کے سابقہ نائب صدر عشرت بٹ نے کہاکہ صحافیوں کےساتھ اس نوعیت کا سلوک قابل مذمت ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ صحافی کےساتھ بدسلوکی میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے ۔