سری نگر//پشو و بھیڑ پالن محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری اصغر حسن سامون نے ایک میٹنگ میں نبارڈ کے تحت عملائے جارہے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں محکمہ کے ڈائریکٹرکے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔سامون نے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں وقت پر مکمل کرنے اور مستقبل کے لئے پروجیکٹوں کے منصوبے تشکیل دینے پر زور دیا۔انہوں نے زراعت اور منسلک محکمہ جات میں بنیادی ڈھانچے کو مزید فروغ دینے پر زور دیاتاکہ پیداوارمیں اضافہ ہو اور روزگار کے مواقع پیدا ہوسکیں۔انہوں نے ڈیری انٹرپرئنورشپ ڈیولپمنٹ سکیم کا بھی جائزہ لیاجس دوران انہیں بتایا گیا کہ 2018ء میں ابھی تک 66 کیس منظور کئے گئے ہیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو بیداری پروگراموں کا اہتمام کرنے پر زور دیا تاکہ عوام ان سکیموں سے استفادہ کرسکیں۔انہوں نے محکمہ کے اہلکاروں کو سکیموںسے متعلق تربیت فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔